[]
حیدرآباد: تلنگانہ کے رچہ کنڈہ پولیس کمشنر سدھیر بابو نے کہا ہے کہ دوستانہ پولیسنگ صرف ان افرادکے لیے ہے جو قانون کا احترام کرتے ہیں تاہم جرائم کی وارداتیں انجام دینے والوں اور قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں سے دوستانہ پولیس نہیں کی جارہی ہے بلک ان کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔
انہوں نے نشاندہی کرتے ہوئے کہا کہ99فیصد افرادقانون کا احترام کرتے ہیں اور اس پر عمل کرتے ہیں۔یہ کہتے ہوئے کہ ایسے افراد جو امن اورقانون کی پاسداری کرتے ہیں،ایسے افراد کے خلاف جرائم پر ان افراد کے پولیس اسٹیشن سے رجوع ہونے پرپولیس ان کی مددکرتی ہے اور ان کے ساتھ دوستانہ رویہ اختیار کرتی ہے،انہوں نے کہا کہ قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کے ساتھ دوستانہ پولیسنگ نہیں کی جاتی بلکہ ان سے سختی سے نمٹاجاتا ہے۔
انہوں نے ایک تلگونیوزچینل سے بات کرتے ہوئے یاد دلایا کہ رچہ کنڈہ کمشنریٹ،ملزمین کو سزادلانے کے معاملہ میں پہلے مقام پر ہے۔اس پولیس کمشنریٹ حدود میں بہ حیثیت مجموعی سنگین معاملات میں مجرمین کو سزادلانے کافیصد 89ہے۔
گذشتہ سال 22مجرمین کی عمرقید کی سزاکویقینی بنایاگیاجبکہ جاریہ سال اب تک دو مجرمین کوعمرقید کی سزایقینی بنائی گئی۔سائبرجرائم کی روک تھام کے سلسلہ میں رچہ کنڈہ پولیس کمشنریٹ کے حدود میں کئے جارہے اقدامات کاتذکرہ کرتے ہوئے انہوں نے نشاندہی کی کہ 8انسپکٹرس رینک کے عہدیداروں کا انتخاب اس مقصد کے لئے کیاگیا ہے۔
ساتھ ہی ایسے سائبرجرائم کے معاملات کے زائد ہونے پر پولیس اسٹیشن میں ہی معاملات کی جانچ کرنے کی بھی ہدایت دی گئی ہے۔سائبرجرائم کے معاملات کی سائبر پولیس اسٹیشنس کے ساتھ ساتھ لااینڈآرڈرپولیس اسٹیشن میں جانچ کو یقینی بنایاگیا ہے۔انہوں نے کہاکہ نمایاں پولیسنگ،فوری ردعمل،ٹکنالوجی کا استعمال تین اصولوں پر عمل کرتے ہوئے بہتر خدمات کی فراہمی ان کا مقصد ہے۔
اس کے تحت سائبرجرائم کے واقعات پر قابو پایاجارہا ہے اور پولیس کو ملی اطلاعات پر فوری ردعمل ظاہر کیاجارہا ہے۔ انہوں نے دعوی کیا کہ منشیات سپلائی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جا رہی ہے، ساتھ ہی سائبر جرائم کی روک تھام کے لیے سخت مساعی کی جارہی ہے۔