[]
بنگلورو: کرناٹک پولیس نے بنگلورو میں چہارشنبہ کے دن ودھان سودھا کے سامنے ایک مسلم جوڑے کی خودسوزی کی کوشش ناکام کردی۔ جوڑے کا الزام ہے کہ ایک بینک نے فراڈ کیا ہے۔ 48 سالہ شائستہ بانو اور شوہر محمد معیداللہ‘ جے جے نگر کے رہنے والے ہیں۔
ان کا دعویٰ ہے کہ بنگلورو کوآپریٹیو بینک نے انہیں دھوکہ دیا۔ وزیر امکنہ / وقف بی زیڈ ضمیراحمد خان سے ملنے کی ان کی کوششیں ناکام رہیں۔ جوڑا‘ بچوں اور دیگر ارکان ِ خاندان کے ساتھ پہنچا۔
میڈیا کو بیان دینے کے بعد جوڑے نے اچانک کیروسین کی بوتلیں نکالیں اور اپنے سر پرکیروسین چھڑک لیا۔ پولیس فوری حرکت میں آئی اور اس نے جوڑے کو تحویل میں لے لیا۔ شائستہ کا الزام ہے کہ بینک نے ان کی فیملی کو دھوکہ دیا۔
بینک نے ان کی 3 کروڑ کی بلڈنگ صرف 1 کروڑ 41لاکھ میں نیلام کردی۔ شائستہ نے کہا کہ ہمیں انصاف چاہئے۔ بینک مینجمنٹ جواب نہیں دے رہا ہے۔ 2 سال سے ہم ضمیر احمد خان سے مل رہے ہیں لیکن ہمیں انصاف نہیں ملا۔
مسلم خاتون نے کہا کہ ہم نے ادرک کی کاشت کے لئے 50 لاکھ روپے کا قرض لیا تھا اور بینک کو لگ بھگ 90 لاکھ روپے چکادیئے۔ پولیس نے جوڑے کے خلاف کیس درج کرلیا اور بعدازاں حلف نامہ لے کر چھوڑدیا۔