غزہ، اسرائیل نے عقب نشینی شروع کر دی ہے، واشنگٹن پوسٹ کا دعوی

[]

مہر خبررساں ایجنسی نے المیادین ٹی وی چینل کے حوالے سے خبر دی ہے کہ امریکی روزنامہ واشنگٹن پوسٹ نے منگل کے روز اپنی ایک رپورٹ میں لکھا ہے کہ اسرائیل نے شمالی غزہ کی پٹی سے بڑے پیمانے پر انخلاء کے طور پر غزہ سے اپنی ہزاروں افواج کو واپس بلا لیا ہے۔

مذکورہ اخبار نے ایک اعلیٰ امریکی اہلکار کے حوالے سے لکھا ہے کہ اسرائیل نے واشنگٹن کو غزہ میں اپنی جنگ کے اگلے مرحلے میں آپریشن کم کرنے کے اپنے ارادے سے آگاہ کر دیا ہے۔ تل ابیب فوجیوں کی تعداد کم کرنے کے ساتھ فضائی بمباری بھی محدود کرے گا۔

اس رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ اسرائیل نے واشنگٹن کو مطلع کیا ہے کہ وہ حماس کے قائدین اور صلاحیتوں کو ختم کرنے کے لیے خصوصی دستے تعینات کرے گا۔ تاہم اسرائیل کی پچھلی یقین دہانیاں عمل میں نہیں آئیں اور ہم امید کرتے ہیں کہ یہ فوجیوں کی کمی کا حقیقی آغاز ثابت ہو جائے۔

واشنگٹن پوسٹ نے مزید لکھا کہ وزیر خارجہ بلنکن نے مسلسل ملاقاتوں میں اسرائیلی حکام سے کہا کہ وہ حزب اللہ کے ساتھ ہمہ گیر جنگ سے باز رہیں اور جنگ کے خاتمے کے بعد غزہ میں کیا ہو گا اس کی منصوبہ بندی کے بارے میں سنجیدگی سے سوچیں۔ 

یاد رہے کہ بلنکن نے سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، قطر، اردن اور ترکی کے سربراہان کے ساتھ اپنی ملاقاتوں کی بنیاد پر غزہ کے مستقبل کے لیے ایک منصوبہ پیش کیا ہے۔

ادھر صیہونی حکومت کے ترجمان ہاگاری نے نیویارک ٹائمز کو انٹرویو دیتے ہوئے دعویٰ کیا کہ اسرائیلی فوج غزہ جنگ کے آغاز میں بڑے پیمانے پر حملوں کے برعکس چھوٹے گروپوں کی شکل میں اچانک حملے کرے گی۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ جنگ ایک اور مرحلے میں داخل ہو گئی ہے۔ 

[]

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *