[]
حیدرآباد۔ ریاست تلنگانہ ضلع نظام آباد حلقہ اسمبلی بودھن کے بی آر ایس کے سابق رکن اسمبلی عامر شکیل کے فرزند ہائیکورٹ سے رجوع ہوئے۔
سابق رکن اسمبلی کے فرزند راحیل عامر عرف ساحل نے تلنگانہ ہائیکورٹ میں ایک درخواست داخل کرتے ہوئے کہا ہے کہ حادثہ کے کیس سے ان کا کوئی تعلق نہیں ہے، درخواست میں کہا گیا ہے کہ انہیں دانستہ طور پر اس کیس میں ماخوذ کیا گیا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پولیس نے آصف کو خوفزدہ کرتے ہوئے ان کا نام لینے کے لیے دباؤ ڈالا ہے۔ درخواست میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ حادثہ میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا دانستہ طور پر برق رفتاری سے گاڑی چلانے کا مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ عامر شکیل کے فرزند نے ہائی کورٹ سے خواہش کی ہے کہ وہ اس سلسلہ میں ان کے خلاف درج ایف آئی ار کو کالعدم قرار دے۔
واضح رہے کہ 24 دسمبر 2023 کو حیدرآباد میں سابق چیف منسٹر کیمپ آفس کے پاس ایک برق رفتار گاڑی ٹریفک پولیس کے بیریکڈس سے ٹکرا گئی تھی۔ اس حادثہ میں عامر شکیل کے فرزند کے ملوث ہونے کے الزامات عائد کیے جا رہے تھے، جس کے بعد یہ اطلاعات بھی پولیس سے ملی تھی کہ وہ ملک سے باہر چلے گئے ہیں۔
زائد از دو ہفتوں بعد عامر شکیل کے فرزند نے ہائیکورٹ میں درخواست داخل کی ہے جس پر عدالت میں سماعت ہوگی۔