وزیر داخلہ امیت شاہ سے چیف منسٹر کی ملاقات

[]

حیدرآباد: تلنگانہ کے چیف منسٹر اے ریونت ریڈی نے نئی دہلی میں مصروف ترین دن گزارا۔ چیف سکریٹری شانتی کماری‘دیگر سینئر عہدیداروں اور وزراء کے ساتھ چیف منسٹر ریونت ریڈی نے جمعرات کے روز دہلی میں وزیر داخلہ امیت شاہ کے بشمول دیگر مرکزی وزراء سے ملاقاتیں کیں اوران وزراء سے ریاست کے مختلف مسائل پر تبادلہ خیال کیا۔

 مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ سے ملاقات کرتے ہوئے چیف منسٹر ریڈی نے ریاست کے لئے مزید آئی پی ایس عہدیدار الاٹ کرنے کی خواہش کی۔ انہوں نے مرکزی وزیر امکنہ وشہری ترقیات ہردیپ سنگھ پوری سے ملاقات کرتے ہوئے ریاست کے مختلف پروجیکٹس کے لئے فنڈس فراہم کرنے کی درخواست کی۔

بتایا جاتاہے کہ چیف منسٹر ریونت ریڈی اور وزیر این اتم کمارریڈی جمعہ کے روز یوپی ایس سی کے صدرنشین منوج سونی سے ملاقات کریں گے اور چندایک مسائل پر ان سے تبادلہ خیال کریں گے۔دریں اثناء چیف منسٹرریونت ریڈی نے آج کل ہند کانگریس کے چندمرکزی قائدین سے بھی ملاقات کی۔

انہوں نے ان قائدین سے لوک سبھا کے مجوزہ انتخابات میں اپنائی جانے والی حکمت عملی اور آنے والے دنوں میں کانگریس کی سرگرمیوں کے بارے میں تبادلہ خیال کیا۔

آئی این ایس کے بموجب چیف منسٹر ریونت ریڈی نے امیت شاہ سے ملاقات کے دوران مرکز پر زوردیا کہ وہ آندھراپردیش کی تقسیم کے بعد تلنگانہ کی جائیدادوں کو استعمال کرنے پر اے پی سے 408کروڑروپے اکھٹاکرے اور اس رقم کوتلنگانہ کے حوالہ کرنے کے اقدامات کریں۔

انہوں نے کہاآندھراپردیش نے حیدرآباد میں راج بھون‘ہائی کورٹ‘اسٹیٹ ہیومن رائٹس کمیشن اور لوک آیوکت کی عمارتیں استعمال کی ہیں۔اس لئے آندھرا سے رقم وصول کریں۔ چیف منسٹر نے شاہ کوبتایا نئے اضلاع کی تشکیل اور مختلف محکموں کی نگرانی کیلئے تلنگانہ کو اضافی 29 آئی پی ایس آفیسرس الاٹ کرنے کی ضرورت ہے۔



[]

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *