[]
کولکتہ: انڈین پریمیر لیگ (آئی پی ایل) کی معروف فرنچائز کولکتہ نائٹ رائیڈرز نے انگلش اوپنر جیسن رائے کو بڑی پیشکش کی ہے۔
رپورٹس کے مطابق انگلش کرکٹ بورڈ (ای سی بی) سے معاہدہ ختم کرنے کی صورت میں انڈین پریمیر لیگ (آئی پی ایل) کی فرنچائز کولکتہ نائٹ رائیڈرز کی ٹیم امریکی ٹی20 لیگ میں کھیلنے کیلئے جیسن رائے کو 3.68 کروڑ ہندوستانی روپے ادا کرے گی جبکہ انگلش بورڈ انہیں سالانہ 66 ہزار یورو یعنی (66 لاکھ روپے) دیتا ہے۔
فرنچائز نے ملک اور پیسہ کسی ایک چیز کو چننے کیلئے جیسن رائے کو آپشن پیش کردیا ہے۔ دوسری جانب سوشل میڈیا پر خبر سامنے آنے کے بعد انگلش کرکٹر کی حب الوطنی پر مداحوں نے سوال اٹھایا تو جیسن رائے نے ٹوئٹر (ایکس) پر جواب دیا کہ میں یہ واضح کرنا چاہتا تھاکہ میں انگلینڈ سے دور نہیں ہوں اور کبھی نہیں جاؤں گا۔
دوسری جانب انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ نے کھلاڑیوں کو غیر ملکی لیگز کیلئے این او سی نہ دینے کا فیصلہ کیا تھا۔ بورڈ نے کہاکہ معاہدے کے تحت کھلاڑیوں کو میجر لیگ کرکٹ کھیلنے کی اجازت دی جائے گی۔
یہ پہلا موقع نہیں کہ آئی پی ایل فرنچائز کی جانب سے انگلش کرکٹرز کو بڑی رقم کی پیشکش کی گئی ہو۔ گزشتہ برس بھی آئی پی ایل فرنچائزز کی جانب سے 5 انگلش کرکٹرز کو انٹرنیشنل کرکٹ چھوڑنے کیلئے 5 ملین پاؤنڈز تک کے معاہدوں کی پیشکش کی گئی تھی۔
فرنچائز مالکان کی جانب سے کھلاڑیوں کو آفر کی دی گئی ہے کہ سال بھر سال بھر لیگز کیلئے دستیابی ممکن بنانے کیلئے انٹرنیشنل کرکٹ سے کنارہ کشی اختیار کرلیں تو اس کے بدلے انہیں بھاری معاوضہ ادا کیا جائے گا۔