[]
مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق ایرانی عدلیہ کے سربراہ حجت الاسلام محسنی اژہ ای نے کرمان میں دہشت گردی کے واقعے پر گہرے دکھ اور غم کا اظہار کرتے ہوئے اپنے پیغام میں ایرانی قوم اور شہداء کے لواحقین کے ساتھ ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا ہے۔
انہوں نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ شہید حاج قاسم سلیمانی کی برسی کے موقع پر کرمان کے گلزار شہداء میں دہشت گردوں کی بزدلانہ کاروائی کے نتیجے میں متعدد زائرین شہید اور زخمی ہوگئے ہیں۔ دہشت گردی کے واقعے نے ایرانی عوام کے دلوں کو غمگین کردیا ہے۔
انہوں نے کہا ہے کہ بزدل دہشت گرد عالمی استعمار کے آلہ کار ہیں جو ایران کے خلاف سازشوں اور بدامنی پھیلانے میں ناکامی کے بعد عوام کے خلاف کمربستہ ہوگئے ہیں۔ ان سنگدل اور بے رحم ٹولے کے دلوں کے میں شہید حاج قاسم سلیمانی اور مقاومت کے جوانوں کے بارے میں کینہ بھرا ہوا ہے اور ان کی برسی کی تقریبات سے بھی پریشان ہیں۔ لیکن ان کو علم ہونا چاہئے کہ ان بزدلانہ کاروائیوں کی وجہ سے ایرانی عوام حاج قاسم سلیمانی اور دیگر شہداء کے ساتھ عقیدت سے کبھی دستبردار نہیں ہوں گے۔
عدلیہ کے سربراہ نے کہا کہ اس بزدلانہ واقعے میں ملوث عناصر کو جلد کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔ سیکورٹی اور قانون نافذ کرنے والے ادارے جلد تحقیقاتی عمل شروع کریں اور واقعے میں ملوث عناصر اور ان کے سہولت کاروں کو ڈھونڈ کر عدالت میں پیش کریں۔
حجت الاسلام اژہ ای نے حادثے میں شہید ہونے والوں کے لئے مغفرت اور زخمیوں کے لئے جلد شفایابی کی دعا کی اور ایرانی قوم مخصوصا شہداء کے لواحقین کو تعزیت پیش کی۔