[]
رانچی: برسراقتدار جے ایم ایم رکن اسمبلی سرفراز احمد جھارکھنڈ اسمبلی سے مستعفی ہوگئے تاہم پیر کے دن جاری اعلامیہ میں اس کی وجہ نہیں بتائی گئی۔
81 رکنی جھارکھنڈ اسمبلی کے لئے الیکشن جاریہ سال کے اواخر میں ہوگا۔ ریاستی اسمبلی کی میعاد دسمبر 2024میں ختم ہونے والی ہے۔ ربط پیدا کرنے پر سرفراز احمد نے پی ٹی آئی سے کہا کہ میں نے نجی وجوہات پر استعفیٰ دیا ہے۔
اسی دوران ان کے استعفیٰ پر قیاس آرائیوں کا بازار گرم ہوگیا۔ بی جے پی کا الزام ہے کہ سرفراز احمد سے اس لئے استعفیٰ لیا گیا کہ چیف منسٹر ہیمنت سورین کی بیوی کلپنا سورین‘ سرفراز احمد کے حلقہ سے الیکشن لڑسکیں۔
سینئر بی جے پی رکن اسمبلی اور سابق اسپیکر سی پی سنگھ نے الزام عائد کیا کہ ہیمنت سورین کو منی لانڈرنگ کیس میں پوچھ تاچھ کے لئے انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ ساتواں سمن جاری کرچکی ہے۔ کلپنا سورین کو ریاست کا نیا چیف منسٹر بنایا جاسکتا ہے۔
سی پی سنگھ نے اچانک استعفیٰ اور اسپیکر کی طرف سے اسے قبول کرلئے جانے پر حیرت ظاہر کی اور کہا کہ یہ جے ایم ایم کی منصوبہ بند حکمت عملی لگتی ہے تاکہ ہیمنت سورین کی گرفتاری ہوجائے تو پارٹی‘ عوام کی ہمدردی حاصل کرسکے۔ چیف منسٹر کے دفتر سے رابطہ قائم نہ ہوسکا۔
جے ایم ایم کی حلیف جماعت کانگریس کے ریاستی صدر راجیش ٹھاکر سے پوچھا گیا تو انہوں نے جواب دیا کہ سرفراز احمد نے چونکہ مستعفی ہونے کی کوئی وجہ نہیں بتائی لہٰذا میرے لئے اس پر تبصرہ کرنا ٹھیک نہیں ہوگا۔