[]
ممبئی: شیوسینا (یوبی ٹی) کے لیڈر سنجے راوت نے ہفتہ کے روز بی جے پی پر کڑی تنقید کی اور الزام عائد کیا کہ وہ ایودھیا میں رام مندر کے افتتاح کے معاملہ کو سیاسی رنگ دے رہی ہے۔
راوت نے یہ بھی کہا کہ پارٹی عنقریب انتخابات کے لئے بھگوان رام کو اپنا امیدوار قرار دے گی۔ رام مندر کے افتتاح کی تقریب کے لئے دعوت ناموں سے متعلق سوالات کا جواب دیتے ہوئے شیوسینا قائد نے کہا کہ اب صرف ایک چیز باقی ہے اور وہ یہ کہ بی جے پی بھگوان رام کو انتخابات کے لئے اپنا امیدوار قرار دے۔
انہوں نے کہا کہ بھگوان رام کے نام پر اتنی سیاست کی جارہی ہے۔ راوت نے جمعرات کے روز کہا تھا کہ 22 جنوری کو ایودھیا میں رام مندر کا افتتاح قومی تقریب نہیں بلکہ بی جے پی کی تقریب ہے۔
انہوں نے یہ بھی الزام لگایا تھا کہ بی جے پی نے بھگوان رام کا اغوا کرلیا ہے۔ وہ اس سوال کا جواب دے رہے تھا کہ آیا شیوسینا (یوبی ٹی) کے صدر ادھوٹھاکرے اُس روز مورتی کی تنصیب میں حصہ لیں گے۔
سنجے راوت نے کہا کہ ٹھاکرے یقینا جائیں گے لیکن بی جے پی کی تقریب ختم ہونے کے بعد۔ آخر کوئی بی جے پی کی تقریب کیوں جائیں یہ کوئی قومی تقریب نہیں ہے۔
بی جے پی اس تقریب کے لئے کئی ریالیاں منعقد کررہی ہے اور مہم چلارہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ جب بھارتیہ جنتاپارٹی کوئی مہم چلانے کا فیصلہ کرتی ہے تو وہ ساری مشنری اور پارٹی کارکنوں کو جھونک دیتی ہے۔ وہ کسی غلطی کی گنجائش ہی نہیں چھوڑتی۔ انہوں نے کہا کہ حکمراں جماعت ملک بھر میں اسی طرز پر کام کرتی ہے۔