[]
ترواننت پورم: کانگریس قائد ششی تھرور نے منگل کے دن کہا کہ وہ 2024 میں حلقہ لوک سبھا ترواننت پورم سے چوتھی مرتبہ الیکشن لڑنے کو تیار ہیں جو اُن کا آخری الیکشن ہوسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ بہرصورت جیت کر رہیں گے چاہے ان کے مقابلہ وزیراعظم نریندر مودی ہی کیوں نہ آجائیں۔
ایک ٹی وی چیانل سے اپنے مستقبل کے منصوبوں پر بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میں یہاں سے الیکشن لڑنے کو تیار ہوں لیکن قطعی فیصلہ پارٹی کرے گی۔ مجھ سے کہا گیا تو میں الیکشن ضرور لڑوں گا۔ یہ لوک سبھا کا میرا آخری الیکشن ہوگا۔
ان قیاس آرائیوں کے بارے میں پوچھنے پر کہ وزیراعظم نریندر مودی ترواننت پورم سے الیکشن لڑسکتے ہیں‘ ششی تھرور نے کہا کہ مودی میرے مدمقابل ہی کیوں نہ آجائیں میں جیت کر رہوں گا۔ میں میرے ریکارڈ پر الیکشن لڑرہا ہوں اور عوام کو اگر وہ چاہیں تو مجھے بدلنے کا پورا حق ہے۔
میں نے جب پہلی مرتبہ الیکشن لڑا تھا تو میری خواہش وزیر خارجہ بننے کی تھی جو ہو نہ سکا‘ اب جنتا کو طئے کرنا ہے۔ یہ پوچھنے پر کہ آیا وہ کیرالا اسمبلی الیکشن لڑنے سے دلچسپی رکھتے ہیں تو انہوں نے جواب دیا کہ فی الحال میری ساری توجہ لوک سبھا پر مرکوز ہے۔