[]
حیدرآباد _ 24 دسمبر ( اردولیکس ڈیسک) بہار کے سیوان ضلع میں کل ہند مجلس اتحادالمسلمین کے سابق کنونیر عارف جمال کو گولی مار کر ہلاک کر دیا گیا ۔ حملہ آور موٹر سائیکل پر سوار ہوئے اور عارف پر اندھا دھند فائرنگ کی۔ حملہ آور واردات کے بعد فرار ہو گئے۔ پولیس نے واقعہ کی تفتیش شروع کردی ہے۔
حملہ آوروں نے عارف کو حسین گنج پولیس اسٹیشن کے علاقے میں قطب چھپرا موڑ کے قریب واقع فاسٹ فوڈ کی دکان پر نشانہ بنایا۔ تشویشناک حالت میں مقامی لوگوں کی مدد سے زخمی عارف جمال کو علاج کے لیے ہاسپٹل میں داخل کیا گیا تاہم وہ دوران علاج جانبر نہ ہو سکے۔
فائرنگ واقعہ پر عارف جمال کے گھر والوں نے بتایا کہ عارف جمال اپنی فاسٹ فوڈ کی دکان پر بیٹھے ہوئے تھے ۔ اسلحے سے لیس موٹر سائیکل پر سوار تین حملہ آور فاسٹ فوڈ کی دکان پر پہنچے اور فائرنگ شروع کر دی۔ اس واقعہ میں عارف زخمی ہو گئے جنھیں ہاسپٹل لے جایا گیا۔ علاج کے دوران ان کی موت ہوگئی۔
حملہ آور واردات کے بعد فرار ہو گئے۔ عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ حملہ آوروں نے تین راؤنڈ گولیاں چلائیں۔ واقعہ کی وجہ تاحال معلوم نہیں ہوسکی ہے۔