[]
پارلیمانی امور کے وزیر پرہلاد جوشی نے بتایا کہ پارلیمنٹ کی سیکورٹی میں ہوئی کوتاہی معاملے پر بی جے پی رکن پارلیمنٹ پرتاپ سمہا کا بیان درج ہو گیا ہے، جانچ چل رہی ہے اور قانون اپنا کام کرے گا۔
پارلیمنٹ کی سیکورٹی میں کوتاہی معاملہ پر بی جے پی رکن پارلیمنٹ پرتاپ سمہا کا بیان درج کیے جانے کی خبریں سامنے آ رہی ہیں۔ اس تعلق سے پارلیمانی امور کے وزیر پرہلاد جوشی نے جمعہ کو ایک پریس کانفرنس میں جانکاری دی۔ انھوں نے بتایا کہ پارلیمنٹ کی سیکورٹی میں رخنہ اندازی معاملہ پر بی جے پی رکن پارلیمنٹ پرتاپ سمہا کا بیان درج ہو گیا ہے۔ 13 دسمبر کو پارلیمنٹ میں جو کچھ ہوا اس کی جانچ چل رہی ہے اور قانون اپنا جانچ کرے گا۔ جانچ کے تحت ہی بی جے پی رکن پارلیمنٹ کا بیان درج کرایا گیا ہے۔
پرہلاد جوشی نے پریس کانفرنس میں صاف لفظوں میں کہا کہ 13 دسمبر کو جو مظاہرین لوک سبھا کے ہال میں گھس گئے تھے اور دھواں اڑایا تھا، وہ پرتاپ سمہا کے دفتر کے ذریعہ جاری کردہ پاس پر ہی پارلیمنٹ میں داخل ہوئے تھے۔ حالانکہ پرہلاد جوشی نے یہ نہیں بتایا کہ پرتاپ سمہا کا جو بیان درج ہوا ہے اس میں کیا کچھ کہا گیا ہے۔
واضح رہے کہ پارلیمنٹ کی سیکورٹی میں چوک کا معاملہ 13 دسمبر کو پیش آیا تھا اور تب سے یہ معاملہ سرخیوں میں ہے۔ اس واقعہ کے تعلق سے اب تک 8 لوگوں کو گرفتار کیا جا چکا ہے جن میں منورنجن ڈی، امول دھنراج شندے، ساگر شرما، نیلم آزاد، مہیش کماوت، للت جھا، اتل کلسریشٹھ، سائی کرشن شامل ہیں۔ دہلی اور دیگر ریاستوں کی پولیس ایک دوسرے کے تعاون سے اس معاملے کی تہہ تک پہنچنے کی کوشش کر رہی ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
;