[]
ریاض: امارات کے وزیرخارجہ شیخ عبداللہ بن زاید آل نہیان سے فلسطین لبریشن موومنٹ ( پی ایل او ) کے سیکرٹری جنرل حسین شیخ نے ملاقات کی ہے تاکہ غزہ میں جاری انسانی بحران پر تبادلہ خیال کر سکیں۔
اماراتی خبر رساں ادارے کے مطابق اس موقع پر دونوں رہنماؤں نے غزہ میں جنگ بندی کے لیے بین الاقوامی سطح پر کی جانے والی کوششوں پر بات کی اور سلامتی کونسل میں اماراتی قرارداد اور ادا کیے جانے والے کردار پر بھی بات چیت کی گئی ہے۔
العربیہ کی رپورٹ کے مطابق وزیرخارجہ شیخ عبداللہ بن زاید نے ریاستی امن اور اسرائیل فلسطینی ڈیل کے لیے مذاکرات پر زور دیا۔
واضح رہے متحدہ عرب امارات ایسی خلیجی ریاست ہے جس نے اسرائیل کے ساتھ باضابطہ سفارتی تعلقات ہیں۔ یہ سفارتی تعلقات امریکہ کے ذریعے 2020 میں معاہدہ ابراہم کے تحت قائم کیے گئے تھے۔
دوسری جانب قطر کی کوششوں سے ماہ نومبر میں اسرائیل اور حماس کے درمیان عارضی جنگ بندی معاہدے کے نتیجے میں ایک سو دس اسرائیلی یرغمالیوں کی رہائی ممکن ہوئی تھی، تاہم یکم دسمبر سے دوبارہ جنگ شروع ہے اور اب تک فلسطینیوں کی شہادتوں کی تعداد 20 ہزار کو چھو چکی ہے۔
ابو ظہبی حماس کے اسرائیل پر سات اکتوبر کے حملوں کی مذمت کرتا ہے اور اسرائیلی یرغمالیوں کی رہائی کا مطالبہ کرتا ہے۔ امارات اسرائیل کے غزہ پر جاری حملوں، بمباری اور انسانی تباہی کی بھی مذمت کرتا ہے اور جنگ بندی کر کے انسانی بنیادوں امدادی سرگرمیوں کی حمایت کرتا ہے۔