[]
گونڈہ(یوپی): ایک شخص نے اپنی بیوی کو واٹس ایپ پر تین طلاق دے دی جس نے اپنے علیل بھائی کو گردہ کا عطیہ دیا تھا۔ یہ شخص سعودی عرب میں کام کرتا ہے جبکہ اس کی بیوی یوپی کے ضلع گونڈہ کے موضع بیریاہی میں مقیم ہے۔
اس خاتون نے اپنے ایک گردہ کا عطیہ دیتے ہوئے اپنے بھائی کی جان بچانے کا فیصلہ کیا تھا۔ اسے یہ توقع نہیں تھی کہ اس شریفانہ حرکت پر اس کی شادی ختم ہوجائے گی۔ اس نے جیسے ہی اپنے شوہر کو گردہ کے عطیہ دینے کا پیام روانہ کیا‘ شوہر نے اسے تین طلاق دے دی۔
خاتون کی شکایت پر پولیس نے ایک کیس درج کرلیا ہے اور کہا ہے کہ وہ قانونی کارروائی کرے گی۔ ملک میں 2019 سے تین طلاق کے طریقہ کو غیرقانونی اور غیردستوری قرار دے دیا گیا ہے۔ مسلم خواتین (تحفظ بر شادی) قانون کے تحت تین طلاق پر پابندی عائد ہے۔
اس جرم کے ارتکاب پر 3 سال کی سزائے قید ہوسکتی ہے۔ سپریم کورٹ نے کہا ہے کہ ایسے کیسس میں پیشگی ضمانت دینے پر کوئی پابندی نہیں ہے بشرطیکہ عدالت ماقبل گرفتاری ضمانت دینے سے پہلے شکایت گزار خاتون کی سماعت کرے۔