اردو کو نظر اندازکرنے پر تلنگانہ بھون دہلی کے عہدیداروں پر ریونت ریڈی برس پڑے

[]

حیدرآباد: چیف منسٹر ریونت ریڈی نے تلنگانہ بھون دہلی کے عہدیداروں کی سرزنش کی۔ آج چیف منسٹر ریونت ریڈی کے نام کی پلیٹ بنانے میں اردو کو نظر انداز کرنے پرچیف منسٹرنے عہدیداروں پر ناراضگی کا اظہار کیا۔دہلی کے تلنگانہ بھون کے عہدیداروں نے چیف منسٹر کی دہلی میں سرکاری رہائش گاہ پر نام کی پلیٹ میں اردو کو نظر انداز کردیا۔

اردوزبان ریاست تلنگانہ کی دوسری سرکاری زبان ہے۔ اردو کو نظر انداز کرتے ہوئے عہدیداروں نے تلگو، ہندی اور انگریزی زبانوں میں نام کی پلیٹ بنائی۔

چیف منسٹر ریونت ریڈی نے عہدیدارو ں کو حکم دیا کہ وہ نام کی تختی پر اردو تحریر بھی لگائیں اوراس کیلئے نام کی پلیٹ نئی بنائیں۔ دریں اثنا، دہلی کے تغلق روڈ رہائش گاہ پر سابق چیف منسٹر کے سی آر کے نام والی نام کی پلیٹ تبدیل کردی گئی۔ اب تک کے سی آر کی سرکاری رہائش گاہ بنگلہ نمبر 23، تغلق روڈ  دہلی تھی۔

 کے سی آر نے انتخابات میں شکست کے بعد حال ہی میں بنگلہ خالی کر دیا تھا اور کے سی آر کا ذاتی سامان ان کے عملے نے دوسری جگہ منتقل کر دیا تھا۔ واضح رہے کہ 2004 سے 2014 تک کے سی آر نے تغلق روڈ رہائش گاہ سے رکن پارلیمنٹ اور مرکزی وزیر کے طور پر کام کیا تھا۔

 اس کے بعد 2014 سے دسمبر 2023 کے پہلے ہفتہ تک تغلق روڈ بنگلہ ہی  بطور چیف منسٹر کے سی آر کی سرکاری رہائش گاہ تھی۔ انتخابی نتائج کے بعد بنگلے کو کے سی آر کے عملے نے خالی کر کے تلنگانہ بھون کے حکام کے حوالے کر دیا تھا۔

 تغلق روڈ بنگلہ تقریباً 20 سال تک کے سی آر کی سرکاری رہائش گاہ تھا۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی نے چیف منسٹر کی حیثیت سے حلف لینے کے بعد آج  پہلی بار بنگلے کا دورہ کیا۔ فی الحال ریونت ریڈی کی رہائش ایم ایس فلیٹس یمونہ اپارٹمنٹس میں فلیٹ نمبر 902  ہے۔

 بتایا جا رہا ہے کہ یمونہ اپارٹمنٹ کا فلیٹ جلد ہی خالی کر دیا جائے گا۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی تغلق روڈ والے بنگلے میں منتقلی سے قبل پوجا کرنے اور بنگلہ کو سرکاری طور پر استعمال کرنے کا منصوبہ بنا رہے ہیں۔



[]

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *