[]
چنئی: تمل ناڈو کے وزیر اعلی ایم کے اسٹالن نے مرکزی وزیر خزانہ نرملا سیتا رمن کو ایک خط لکھ کر طوفان سے ہونے والی تباہی کے پیش نظر چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباروں (ایم ایس ایم ای) کے قرضوں کی ادائیگی پر تین ماہ کے لیے روک لگانے کا مطالبہ کیا ہے۔
مسٹر اسٹالن نے محترمہ نرملا کو لکھے ایک نیم سرکاری خط میں، ایم ایس ایم ای اور چھوٹے کاروباروں اور فصلوں اور دیگر قرضوں کی ادائیگی پر روک لگانے کی درخواست کی۔
انہوں نے چنئی، کانچی پورم، تروولور اور چنگل پٹو اضلاع میں ہونے والے نقصانات کا حوالہ دیتے ہوئےاس مسئلے پر توجہ دینے اور یکم دسمبر 2023 سے 29 فروری 2024 تک قرض کی ادائیگی پر روک لگانے کے ریاستی حکومت کی درخواست کو قبول کرنے کی درخواست کی۔
انہوں نے کہا ’’میں آپ کی توجہ چنئی، چنگل پٹو، کانچی پورم اور تروولور اضلاع میں سائیکلون میچونگ سے متاثرہ خاندانوں کو قرض کی ادائیگیوں کو روکنے کی فوری ضرورت کی طرف مبذول کرانا چاہتا ہوں۔‘‘
انہوں نے کہا کہ تمل ناڈو کے مذکورہ بالا چار اضلاع میں رہنے والے 37 لاکھ خاندانوں کو مسلسل بارشوں سے نقصان اٹھانا پڑا ہے، جس سے ان کے ذریعہ معاش میں نمایاں طور پر متاثر ہوئی ہے اور ان کی املاک کو نقصان پہنچا ہے۔
وزیر اعلیٰ نے کہا ’’اگرچہ ہم ان کی روزمرہ کی زندگیوں کے معمولات بحال کرنے میں کامیاب ہو گئے ہیں، لیکن بہت سے لوگوں کے ذریعہ معاش پر اثر اب بھی برقرار ہے۔ سیلاب سے متاثر ہونے والے چھوٹے تاجر، کارورباری اور ایم ایس ایم ای یونٹیں ابھی تک اپنی معمول کی اقتصادی سرگرمیوں میں واپس نہیں آئی ہیں۔ ان میں سے بہت سے خاندانوں اور کاروباری اداروں نے مختلف مقاصد کے لیے قرضے لیے ہیں اور ان مشکل حالات میں ان کے لیے اپنے واجبات کی ادائیگی ممکن نہیں ہوگی۔
مسٹر اسٹالن نے کہا کہ قرض کی ادائیگی کے بوجھ کو کم کرنے کی اشد ضرورت ہے جب تک کہ ہم اس بحران سے باہر نہیں آتے ادائیگی کے شیڈول میں نرمی کی جائے۔