
مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایرانی سپریم قومی سلامتی کونسل کے نائب سیکرٹری قدیر نظامی نے کہا ہے کہ امریکہ کے ساتھ جاری مذاکرات کے باوجود ایرانی مسلح افواج مکمل طور پر الرٹ ہیں اور کسی بھی ممکنہ خطرے سے نمٹنے کے لیے پوری طرح تیار ہیں۔
قدیر نظامی نے یہ بیان پیر کے روز بھارت کے دارالحکومت نئی دہلی میں برکس کے رکن ممالک کے قومی سلامتی کے مشیروں کے اجلاس میں شرکت کے موقع پر دیا۔
اس موقع پر قدیر نظامی نے چین کے وزیر خارجہ وانگ یی سے بھی ملاقات کی، جو برکس اجلاس میں شرکت کے لیے نئی دہلی میں موجود تھے۔
بھارت میں ایرانی سفارت خانے کے جاری کردہ بیان کے مطابق دونوں رہنماؤں نے علاقائی صورتحال، دوطرفہ تعاون اور امن معاہدے پر عمل درآمد سمیت مختلف اہم امور پر تبادلہ خیال کیا۔
ایرانی سپریم قومی سلامتی کونسل کے نائب سیکریٹری کی برکس اجلاس میں شریک دیگر ممالک کے نمائندوں سے بھی مزید ملاقاتیں متوقع ہیں۔
رپورٹ کے مطابق گزشتہ ایک سال کے دوران امریکی اور اسرائیلی حکومت نے امن مذاکرات کے دوران دو مرتبہ ایران پر حملے کیے، جس کے باعث ایرانی حکام متعدد مواقع پر امریکہ پر اپنے عدم اعتماد کا اظہار کر چکے ہیں۔
الجزیرہ کے مطابق بھارت میں ایرانی سفارت خانے نے نئی دہلی میں قدیر نظامی کی چینی حکام سے ملاقات کی تصاویر بھی جاری کی ہیں۔
