’آدم نی ایویڈے آکُنّو؟‘ کے ملیالم ایڈیشن کی زبردست کامیابی کے بعد اس کے انگریزی ترجمے کا بے صبری سے انتظار کیا جا رہا ہے۔ کتاب کی اشاعت کے چند ہی ہفتوں میں اس کی 10000 سے زائد کاپیاں فروخت ہو چکی ہیں۔


i
کیرلم کے وزیراعلیٰ وی ڈی ستیسن کی ملیالم کتاب ’آدم نی ایویڈے آکُنّو؟‘ کا انگریزی ایڈیشن اب قارئین کے درمیان بحث کا موضوع بن گیا ہے۔ ملیالم ایڈیشن کی زبردست کامیابی کے بعد اس کے انگریزی ترجمے کا بے صبری سے انتظار کیا جا رہا ہے۔ کتاب کی اشاعت کے چند ہی ہفتوں میں اس کی 10,000 سے زائد کاپیاں فروخت ہو چکی ہیں۔ یہ کتاب ستیسن کی جانب سے اپوزیشن لیڈر رہتے ہوئے مختلف عیسائی گرجا گھروں کے پروگراموں میں دی گئی تقریروں کا مجموعہ ہے۔ ناشر کو امید ہے کہ اگلے ماہ آنے والا انگریزی ایڈیشن اس کتاب کو قومی سطح پر وسیع قارئین تک پہنچائے گا۔
’ڈی سی بکس‘ کی طرف سے 8 مئی کو شائع ہونے والی یہ کتاب ایسے وقت میں مارکیٹ میں آئی تھی، جب کانگریس کی قیادت والے یونائیٹڈ ڈیموکریٹک فرنٹ (یو ڈی ایف) نے اسمبلی انتخاب میں شاندار جیت درج کر کے بائیں محاذ کی حکومت کے 10 سال کے اقتدار کا خاتمہ کیا تھا۔ کتاب کی اشاعت کے وقت کانگریس میں وزیر اعلیٰ کے عہدے کو لے کر بحث تیز تھی۔ ستیسن کے علاوہ سینئر لیڈر رمیش چنیتھلا اور اے آئی سی سی کے جنرل سکریٹری کے سی وینوگوپال بھی ممکنہ دعویداروں میں شامل تھے۔ کئی دور کی بات چیت کے بعد ستیسن کو وزیر اعلیٰ منتخب کیا گیا تھا۔
وزیر اعلیٰ بننے کے بعد اسمبلی میں وی ڈی ستیسن کی مداخلت اور میڈیا سے گفتگو کرنے کے انداز نے لوگوں کی توجہ اپنی طرف مبذول کروائی ہے۔ مانا جا رہا ہے کہ اسی بڑھتی ہوئی مقبولیت کا اثر ان کی کتاب کی فروخت پر بھی پڑا ہے۔ کتاب کے ایڈیٹر اور ستیسن کے میڈیا سکریٹری رائے میتھیو نے بتایا کہ کتاب کو قارئین کی طرف سے انتہائی مثبت ردعمل ملا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ’’ردعمل بہت حوصلہ افزا رہا ہے۔ اب تک 10000 سے زیادہ کاپیاں فروخت ہو چکی ہیں۔ اگلے مہینے آنے والا انگریزی ایڈیشن اسے مزید وسیع قارئین تک پہنچا سکتا ہے۔‘‘
’ڈی سی بکس‘ کے سربراہ روی ڈی سی کے مطابق ان کے اسٹورز کے ذریعے روزانہ تقریباً 250 کاپیاں فروخت ہو رہی ہیں اور قارئین سے مسلسل اچھا ردعمل مل رہا ہے۔ جولائی میں آنے والے انگریزی ایڈیشن کو لے کر بھی کافی جوش و خروش ہے۔ 32 ابواب پر مشتمل اس کتاب میں مختلف گرجا گھروں کی جانب سے منعقدہ تقریباً 250 پروگراموں میں ستیسن کی دی گئی تقریریں شامل ہیں۔ کتاب کا مقدمہ مہاتما گاندھی یونیورسٹی کے سابق وائس چانسلر ڈاکٹر سائیریک تھامس نے لکھا ہے۔
کتاب کا عنوان اس تقریر سے لیا گیا ہے، جو ستیسن نے کارڈینل نامزد آرچ بشپ مار جارج جیکب کوواکاڈ کے آبائی پیرش کی جانب سے منعقدہ اعزازی تقریب میں کی تھی۔ ’آدم نی ایویڈے آکُنّو؟‘ عنوان پر مبنی یہ تقریر سوشل میڈیا پر کافی وائرل ہوئی تھی۔ کتاب میں شامل ایک اور مقبول تقریر جنوری 2023 میں ’انڈیا پینٹیکوسٹل چرچ‘ کی کُنبناڈ کانفرنس میں دی گئی تھی، جس کا عنوان تھا ’آپ کی بادشاہت آئے‘۔ انگریزی ایڈیشن کی اشاعت کے ساتھ ہی یہ کتاب ایک بار پھر بحث کا موضوع بن گئی ہے اور اسے وزیراعلیٰ ستیسن کے تئیں عوام کی بڑھتی ہوئی دلچسپی کی ایک اور علامت مانا جا رہا ہے۔
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔

