
مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، جنوبی لبنان میں مزاحمتی فورسز کے ساتھ جھڑپوں کے دوران اسرائیلی فوج کے متعدد اہلکار زخمی ہوگئے، جنہیں شمالی مقبوضہ فلسطین کے طبی مراکز منتقل کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق جنوبی لبنان میں زخمی ہونے والے اسرائیلی فوجیوں کو لے جانے والا ایک فوجی ہیلی کاپٹر شمالی مقبوضہ فلسطین کے نہاریا طبی مرکز میں اترا، جس کی ویڈیو بھی جاری کی گئی ہے۔
رپورٹ کے مطابق اسرائیلی فوج جنوبی لبنان میں کفرتبنیت اور علی الطاہر کے محاذوں پر مسلسل جانی نقصان اٹھا رہی ہے۔
اس سے قبل اسرائیلی ذرائع ابلاغ نے اطلاع دی تھی کہ ان علاقوں میں ہونے والی جھڑپوں کے دوران ایک اسرائیلی فوجی ہلاک اور سات دیگر زخمی ہوئے، جبکہ زخمیوں میں سے ایک کی حالت نہایت تشویشناک بتائی گئی ہے۔
ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ گزشتہ شب جنوبی لبنان سے زخمیوں اور ہلاک ہونے والے فوجیوں کو منتقل کرنے کے لیے اسرائیلی فوج کے تین سے چار فوجی ہیلی کاپٹر مختلف مقامات پر اترے تھے۔
