ایس ایس سی امتیازی کامیاب طلبہ میں تقسیم اعزاز و اسنادتقریب میں اسلامیات نصاب کا رسم اجراء

ایس ایس سی امتیازی کامیاب طلبہ میں تقسیم اعزاز و اسنادتقریب میں اسلامیات نصاب کا رسم اجراء

ڈاکٹر رضا احمد خان، ڈائریکٹر اسلامک اسٹڈیز اکیڈمی نے اسلامیات نصاب کا تعارف پیش کیا

 

کنفیڈریشن آف مائنارٹی انسٹی ٹیوشنز (CMI)، حیدرآباد کے زیر اہتمام ایس ایس سی امتیازی کامیاب طلبہ کی اعزاز ی تقریب 2026ء کا انعقاد اردو مسکن، خلوت، حیدرآباد میں عمل میں آیا، جس میں مختلف اقلیتی تعلیمی اداروں کے نمایاں کامیابی حاصل کرنے والے طلبہ کو ان کی شاندار تعلیمی کارکردگی پر اعزازات اور اسناد سے نوازا گیا۔تقریب میں طلبہ، والدین اور اساتذہ نے شرکت کی۔

 

جناب طارق انصاری صاحب، چیئرمین تلنگانہ مائنارٹیز کمیشن نے بحیثیت مہمانِ خصوصی شرکت فرمائی۔ جبکہ جناب ایس اے ہدی صاحبسابق ڈائریکٹر جنرل آف پولیس، آندھرا پردیش، پروفیسر سید اسلام الدین مجاہد پروفیسر، عثمانیہ یونیورسٹی، ڈاکٹر عبد الواسع سائنس دان و محقق اور جناب ایس مدھو سودھن ریاستی صدر، TRSMA نے بطور مہمانانِ اعزاز شرکت کی۔تقریب کی صدارت جناب ایم ایس فاروق صاحب، صدر کنفیڈریشن آف مائنارٹی انسٹی ٹیوشنز، نے فرمائی جبکہ افتتاحی کلمات جناب خلیل الرحمٰن صاحب، جنرل سکریٹری، نے پیش کیے

 

۔اس موقع کی ایک اہم اور نمایاں خصوصیت اسلامک اسٹڈیز اکیڈمی، حیدرآباد کی جانب سے تیار کردہ درجہ اول تا دہم (کلاس 1 تا 10) کے لیے اسلامیات نصاب کا باضابطہ اجراء تھا۔ نصاب کا تعارف پیش کرتے ہوئے ڈاکٹر رضا احمد خان، ڈائریکٹر اسلامک اسٹڈیز اکیڈمی نے بتایا کہ یہ نصاب طلبہ کو اسلامی عقائد، اخلاقیات، سیرتِ نبوی ﷺ، اسلامی تہذیب و تمدن اور عصر حاضر کے اہم موضوعات سے منظم اور متوازن انداز میں روشناس کرانے کے مقصد سے تیار کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نصاب کا بنیادی ہدف ایسی نسل کی تربیت ہے جو دینی شعور، اخلاقی اقدار اور علمی اعتماد سے آراستہ ہو اور جدید دور کے تقاضوں کا کامیابی سے سامنا کر سکے

 

۔ڈاکٹر رضا احمد خان نے مزید بتایا کہ اس نصاب کی تیاری تجربہ کار ماہرینِ تعلیم، نصاب سازوں اور اسلامیات کے ماہرین کی ایک ٹیم نے انجام دی ہے۔ یہ نصاب مختلف تعلیمی بورڈز سے وابستہ اسکولوں میں آسانی سے نافذ کیا جا سکتا ہے اور اس میں مستند اسلامی معلومات کو عمر کے لحاظ سے مناسب تدریسی طریقوں، عملی سرگرمیوں اور جدید تعلیمی اصولوں کے ساتھ پیش کیا گیا ہے۔ نصاب کا مقصد طلبہ میں کردار سازی، تنقیدی فکر اور اسلامی تعلیمات کی بہتر فہم پیدا کرنا ہے

 

۔اس موقع پر معزز مہمانوں نے اسلامیات نصاب کا باضابطہ اجراء انجام دیا اور اس اقدام کو نئی نسل میں دینی و اخلاقی اقدار کے فروغ کی جانب ایک اہم پیش رفت قرار دیا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ یہ نصاب تعلیمی اداروں کو ایسی متوازن تعلیم فراہم کرنے میں مدد دے گا جو علمی کامیابی کے ساتھ ساتھ اخلاقی اور روحانی تربیت کو بھی یقینی بنائے۔

 

اپنے خطاب میں جناب طارق انصاری صاحب، چیئرمین تلنگانہ مائنارٹیز کمیشن نے اسلامک اسٹڈیز اکیڈمی کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ نصاب طلبہ میں کردار سازی، اخلاقی تربیت اور ہمہ جہتی شخصیت کی تعمیر میں اہم کردار ادا کرے گا اور معاشرے کی مثبت تشکیل میں معاون ثابت ہوگا۔تقریب کے دوران نمایاں کامیابی حاصل کرنے والے طلبہ کو اعزازات اور اسناد پیش کی گئیں۔ مقررین نے طلبہ، والدین اور اساتذہ کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے نوجوان نسل کو تعلیمی میدان میں اعلیٰ کارکردگی کے ساتھ ساتھ اخلاقی اقدار اور سماجی ذمہ داریوں کو بھی اپنی زندگی کا حصہ بنانے کی تلقین کی۔

 

مہمانوں کا استقبال جناب احمد ادریس شریف نے کیا جبکہ تقریب کا اختتام جناب محمد حبیب صاحب اورجناب اشام ارقم کے اظہارِ تشکر پر ہوا۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ کنفیڈریشن آف مائنارٹی انسٹی ٹیوشنز آئندہ بھی معیاری تعلیم، تعلیمی امتیاز اور کردار سازی کے فروغ کے لیے اپنی خدمات جاری رکھے گی۔

[]

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *