عوام اور لشکر اسلام رہبر معظم مضبوط پہاڑ کی طرح رہبر معظم کے ساتھ کھڑے ہیں، سپاہ پاسداران انقلاب

مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، سپاہ پاسداران انقلابِ اسلامی نے رہبر معظم انقلاب آیت اللہ سید مجتبی خامنہ ای کے نام اپنے ایک پیغام میں ان کے حالیہ خطاب پر اظہارِ تشکر کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملتِ ایران اور رزمندگانِ اسلام اپنے حکمرانوں کے لیے ایک مضبوط اور ناقابل تسخیر پشت پناہ ہیں اور ملک کے حقوق کے تحفظ کے لیے ہر قسم کی قربانی دینے کے لیے تیار ہیں۔

سپاہ پاسداران نے اپنے پیغام میں کہا کہ خدا کا شکر ہے کہ ایک مرتبہ پھر ایرانی قوم کو سرچشمۂ ولایت سے فیض حاصل ہوا اور رہبر انقلاب کے باعزت اور حکیمانہ پیغام نے عوام کی صفوں میں مزید اتحاد پیدا کیا، میدان میں موجود عوام اور محاذجنگ کے مجاہدین کو اپنی کامیابیوں کے تحفظ کے لیے مزید پرامید بنایا اور ملکی سیاست دانوں کے لیے حقوقِ ملت کے حصول کی راہ میں ایک گراں قدر سرمایہ فراہم کیا۔

پیغام میں کہا گیا کہ جارح دشمن ایرانی قوم کی تاریخی بیداری اور رزمندگانِ اسلام کی درخشاں قربانیوں کے سامنے شکست کھا چکا ہے۔ وہ دشمن جو ایران کو صفحۂ ہستی سے مٹانے اور اسے ماضی کی تاریکیوں میں دھکیلنے کے عزائم رکھتا تھا، اب بے بسی کے عالم میں مفاہمت اور مذاکرات کی درخواست کرنے پر مجبور ہو گیا ہے اور ایرانی قوم کی عظمت کے سامنے گھٹنے ٹیک چکا ہے۔

سپاہ پاسداران نے مزید کہا کہ پوری قوم اور فوج کی توقع ہے کہ سیاسی میدان میں بھی اسی جذبۂ استقامت اور کامیابی کا تسلسل برقرار رہے اور تمام کوششیں ایرانی قوم کے جائز حقوق کے حصول اور ملک کی سربلندی پر منتج ہوں۔

پیغام کے اختتام پر سپاہ پاسداران نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ملتِ ایران اور رزمندگان اسلام اپنے حکمرانوں کے ساتھ کوہِ استقامت کی طرح کھڑے ہیں، اور اگر عہد شکن دشمن نے ماضی کی طرح دوبارہ زیادتی یا ایرانی عوام کے حقوق کی پامالی کی کوشش کی تو سپاہ پاسدارانِ انقلابِ اسلامی زمین، سمندر، فضا اور جنگ کے تمام جدید محاذوں پر پہلے سے زیادہ طاقت، تجربے اور تیاری کے ساتھ رہبر انقلاب کے ایک اشارے پر دشمن کو تاریخ کی ایک اور بڑی شکست سے دوچار کرنے کے لیے مکمل طور پر آمادہ ہے۔

[]

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *