
مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایرانی صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان نے رہبر معظم انقلاب اسلامی کے حالیہ اسٹریٹجک اور رہنمائی پر مبنی پیغام کو آئندہ مذاکرات کے تناظر میں قومی مفادات کے تحفظ کے لیے ایک جامع روڈ میپ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت ان کی ہدایات اور تحفظات پر مکمل عمل درآمد کی پابند ہے۔
تفصیلات کے مطابق، رہبر انقلاب اسلامی کے مذاکرات کے عمل اور حالیہ جنگ کے خاتمے سے متعلق پیغام کے بعد صدر پزشکیان نے اپنے ایک بیان میں ان کی رہنمائی اور حمایت پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اس پیغام نے مذاکرات کے بنیادی خدوخال اور متعلقہ اداروں کی ذمہ داریوں کو واضح کر دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ رہبر انقلاب کا پیغام مذاکرات کے راستے میں قومی مفادات کے تحفظ کا نقشۂ راہ ہے اور حکومت ان کی ہدایات کی روشنی میں مذاکراتی عمل کو آگے بڑھانے کے لیے پرعزم ہے۔
صدر پزشکیان نے مزید کہا کہ رہبر انقلاب کی رہنمائی، مذاکراتی ٹیم کی مکمل ہوشیاری اور اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم پر یقین کے ساتھ ایک بڑی کامیابی حاصل ہوگی۔
اپنے پیغام میں ایرانی صدر نے کہا کہ رہبر انقلاب کے واضح اور بصیرت افروز خطاب نے آئندہ مذاکراتی عمل میں مؤثر تمام فریقوں کی ذمہ داریوں کو متعین کر دیا ہے۔ انہوں نے اس بات پر بھی اطمینان کا اظہار کیا کہ رہبر انقلاب نے قومی مفاد کے حصول کے لیے مذاکرات کے آغاز کی اجازت دیتے ہوئے متعلقہ حکام کی مخلصانہ کوششوں کو سراہا ہے۔
صدر پزشکیان نے بطور صدرمملکت اور سپریم نیشنل سکیورٹی کونسل کے سربراہ اس عزم کا اعادہ کیا کہ وہ اور کونسل کے دیگر اراکین رہبرِ انقلاب کی ہدایات، ایرانی عوام کے حقوق اور مقاومتی محاذ کے مفادات کے تحفظ کے لیے اپنی تمام تر ذمہ داریاں پوری کریں گے۔
انہوں نے زور دے کر کہا کہ ایرانی حکام کی سرخ لکیر قومی مفادات، ملت ایران کی عزت، شرافت اور اقتدار کا تحفظ ہے اور مذاکراتی ٹیم انہی اصولوں کو مدنظر رکھتے ہوئے ہر مرحلے میں پوری دقت اور ذمہ داری کے ساتھ آگے بڑھے گی۔
