
بندروں کی لڑائی نے خاتون کی جان لے لی، سر پر سیمنٹ کی اینٹ گرنے سے موقع پر ہی موت
تلنگانہ کے جگتیال ضلع میں ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا، جہاں بندروں کی آپسی لڑائی ایک خاتون کی موت کا سبب بن گئی۔ پولیس کے مطابق دھرم پوری ٹاون کے کملا پور روڈ پر واقع اندرامّا کالونی کی رہائشی ستیہ نارائن اور پدما میاں بیوی ہیں۔
چہارشنبہ کی شام پدما اپنے گھر کے سامنے ایک خاتون کے ساتھ گفتگو کر رہی تھیں۔ اسی دوران گھر کی چھت پر بندروں کے درمیان شدید لڑائی شروع ہوگئی۔ چھت کی چادروں کو ہوا سے محفوظ رکھنے کے لیے رکھی گئی سیمنٹ کی ایک اینٹ بندروں کی وجہ سے نیچے گر گئی، جو سیدھے پدما کے سر پر آ لگی۔
سر پر شدید چوٹ آنے کے باعث پدما موقع پر ہی دم توڑ گئیں۔ اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچ گئی اور متوفیہ کے شوہر کی شکایت پر مقدمہ درج کرکے تحقیقات شروع کر دی ہیں۔
