دشمن سے مقابلے کے لیے قومی اتحاد کو مزید مضبوط کرنا ہوگا، ایرانی نائب صدر

مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق ایرانی نائب صدر محمد رضا عارف نے کہا کہ بارہ روزہ اور جنگ رمضان کے دوران ایران نے دشمنوں کے خلاف اہم کامیابیاں حاصل کیں، اس لیے حکومت اور عوام کو قومی اتحاد اور ہم آہنگی کو مزید مستحکم کرنا چاہیے۔

انہوں نے آبنائے ہرمز کی تزویراتی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ایران اس اہم آبی گزرگاہ پر اپنا کنٹرول برقرار رکھے گا اور اس سے گزرنے والے جہازوں کو محفوظ بحری آمدورفت کے لیے ایران کی فراہم کردہ خدمات کے اخراجات میں حصہ ڈالنا ہوگا۔

محمد رضا عارف نے کہا کہ ایران نے اپنی تاریخ میں آبنائے ہرمز سے متعلق اپنے حقوق کے تحفظ کے لیے بڑی قربانیاں دی ہیں اور اب وہ ان حقوق سے مکمل طور پر فائدہ اٹھانا چاہتا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ایران اس آبی راستے میں جہازوں کی محفوظ آمدورفت کے لیے اہم خدمات فراہم کرتا ہے۔ ان کے بقول اگر یہ حفاظتی اقدامات نہ ہوں تو بحری جہاز بارودی سرنگوں سمیت مختلف خطرات سے دوچار ہو سکتے ہیں، جس سے ماحولیاتی نقصان کا بھی اندیشہ پیدا ہو سکتا ہے۔

یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب آبنائے ہرمز میں بحری سلامتی اور تجارتی جہازرانی کے حوالے سے علاقائی سطح پر مشاورت جاری ہے۔ رپورٹ کے مطابق ایران اور عمان حالیہ عرصے میں اس آبی گزرگاہ میں جہازرانی اور سلامتی کے انتظام کے لیے مشترکہ طریقہ کار وضع کرنے کی کوششیں کر رہے ہیں۔

رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ 14 جون کو ایران اور امریکا نے جنگ کے خاتمے کے مقصد سے ایک مفاہمتی یادداشت کا متن حتمی شکل دی، جس کے بعد آبنائے ہرمز عارضی طور پر دوبارہ کھول دی گئی اور ایران کے خلاف امریکی بحری ناکہ بندی کا خاتمہ ہوا۔

[]

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *