ملک اس وقت انتہائی خطرناک حالات سے گزر رہا ہے اگر اندرا گاندھی آج زندہ ہوتیں تو بی جے پی جیسی فرقہ پرست جماعت پر پابندی عائد کر دیتیں : اشوک گہلوت

راجستھان کے سابق چیف منسٹر اشوک گہلوت نے کہا ہے کہ ملک اس وقت انتہائی خطرناک حالات سے گزر رہا ہے اور اگر سابق وزیر اعظم  اندرا گاندھی آج زندہ ہوتیں تو بی جے پی جیسی فرقہ پرست جماعتوں پر پابندی عائد کر دیتیں۔ جے پور میں ایک ایوارڈ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے مرکزی حکومت اور  بی جے پی کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔

 

اشوک گہلوت نے کہا کہ اپنے 50 سالہ عوامی زندگی میں انہوں نے کبھی ایسے سنگین حالات نہیں دیکھے۔ ان کے مطابق بی جے پی ترقی اور عوامی فلاح کو پس پشت ڈال کر مذہب کی  سیاست کر رہی ہے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اگر عوام بی جے پی کی پالیسیوں اور “فریب” کو نہ سمجھ سکے تو مستقبل میں اس کے نتائج خود عوام کو بھگتنا پڑیں گے۔

 

انہوں نے الزام عائد کیا کہ بی جے پی حکومت دانستہ طور پر مذہبی کشیدگی اور فسادات کو فروغ دے رہی ہے۔ گہلوت نے سوال کیا کہ اتر پردیش کے انتخابات میں بی جے پی نے مسلم امیدواروں کو ٹکٹ کیوں نہیں دیے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہندوتوا حامی عناصر کو مشتعل کر کے اقتدار برقرار رکھنا ہی بی جے پی کا مقصد بن چکا ہے، اور اگر اندرا گاندھی جیسی مضبوط قیادت آج موجود ہوتی تو وہ بی جے پی پر پابندی عائد کر دیتیں۔

 

انہوں نے مزید کہا کہ کیا ایک سیاسی جماعت صرف ہندوتوا ایجنڈے پر ہی چل سکتی ہے؟ کیا سیاست صرف ہندوؤں کے نام پر کی جائے گی؟

 

اشوک گہلوت کے بیان پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے بی جے پی نے کانگریس پر ہندو مخالف ذہنیت رکھنے اور مسلمانوں کی خوشنودی کی سیاست کرنے کا الزام لگایا۔ بی جے پی کے قومی ترجمان  شہزاد پونا والا نے کہا کہ گہلوت کا بیان ہندوتوا کے تئیں کانگریس کی نفرت کو بے نقاب کرتا ہے۔

[]

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *