جامعہ ریاض الصالحات،اعظم پورہ، حیدرآباد میں نئے تعلیمی سال کا آغاز، داخلے جاری

جامعہ ریاض الصالحات،اعظم پورہ، حیدرآباد میں نئے تعلیمی سال کا آغاز، داخلے جاری

*اساتذہ و معلمات کی تربیت کے لیے دو روزہ اورینٹیشن پروگرام کا کامیاب انعقاد ، ماہرین کے خطابات*

*مؤثر تدریس، جدید ٹیکنالوجی اور طالبات کی فکری و اخلاقی تعمیر پر زور*

 

جامعہ ریاض الصالحات اعظم پورہ کے زیر اہتمام نئے تعلیمی سال کے آغاز پر اساتذہ و معلمات کے لیے دو روزہ اورینٹیشن پروگرام کا انعقاد کیا گیا۔محترمہ حمیراء نشاط صاحبہ صدر معلمہ کے بموجب پروگرام کا مقصد تدریسی و تربیتی صلاحیتوں کو فروغ دینا، ادارہ جاتی اہداف سے ہم آہنگی پیدا کرنا اور دورِ حاضر کے چیلنجز کے تناظر میں تعلیمی ذمہ داریوں کا شعور بیدار کرنا تھا۔پروگرام میں مختلف ماہرین تعلیم، دانشوران اور ذمہ دارانِ ادارہ نے اہم موضوعات پر اظہارِ خیال کیا۔ ڈاکٹر عصمت فاطمہ، اسسٹنٹ پروفیسر مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی نے ”تدریسی طریقے اور اس کا استعمال” کے عنوان پر گفتگو کرتے ہوئے مؤثر تدریس کے مختلف اسالیب پر روشنی ڈالی اور اساتذہ پر زور دیا کہ وہ طالبات کو جدید ٹیکنالوجی اور مصنوعی ذہانت کے مثبت اور تعمیری استعمال سے واقف کرائیں

 

۔ڈاکٹر محمد مبشر احمد، ناظم شہر جماعت اسلامی ہند،عظیم تر حیدرآبادو صدر انتظامی کمیٹی جامعہ ریاض الصالحات نے ”عصری چیلنجز کے تناظر میں مدارس کا کردار” کے موضوع پر خطاب کرتے ہوئے امت مسلمہ کو درپیش فکری، اعتقادی اور سماجی چیلنجز کا تفصیلی جائزہ پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ مدارس کی ذمہ داری صرف افراد کی تعلیم نہیں بلکہ آنے والی نسلوں کی فکری و اخلاقی رہنمائی بھی ہے۔پروفیسر ڈاکٹر عبد السمیع صدیقی، مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی نے اساتذہ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ زبان کی تدریس محض قواعد اور نصاب تک محدود نہ ہو بلکہ طالبات کو زبان کے عملی استعمال اور مستقل مطالعہ کا ذوق بھی دیا جائے۔

 

ڈاکٹر مہوش بانو، اسسٹنٹ پروفیسر مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی نے ”تدریسی مقاصد کے تعین” کے عنوان پر گفتگو کرتے ہوئے تدریسی منصوبہ بندی اور تعلیمی نتائج کے حصول کے مختلف عملی طریقوں سے شرکاء کو روشناس کرایا۔ڈاکٹر محسن صدیقی، ڈائریکٹر انڈرسٹینڈ قرآن اکیڈمی نے تدریسی حکمت عملی، سبق کی منصوبہ بندی اور تدریسی مہارتوں کے فروغ پر گفتگو کرتے ہوئے اساتذہ کو مسلسل مشق اور خود احتسابی کی تلقین کی۔جناب مرزا محمد اعظم علی بیگ، سکریٹری جامعہ ریاض الصالحات نے ادارے کے وژن، مشن، ادارہ جاتی پالیسیوں کی پابندی، باہمی تعاون، نظم و ضبط اور ٹیم ورک کی اہمیت پر تفصیلی روشنی ڈالی۔ انہوں نے اساتذہ کومسلکی تعصبات سے بالاتر ہو کر مستند علمی مصادر سے استفادہ اور طالبات کی متوازن شخصیت سازی پر توجہ دینے کی تلقین کی۔

 

جناب سید شاہ شمس الدین قادری، رکن انتظامی کمیٹی جامعہ، نے تدریس میں پیش آنے والی عملی دشواریوں اور ان کے حل پر اساتذہ و معلمات سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔دو روزہ پروگرام کی نظامت محترم محمد حیدر علی قریشی صاحب، جوائنٹ سکریٹری جامعہ ریاض الصالحات نے انجام دی۔ اختتامی نشست میں تمام مقررین، شرکاء اور منتظمین کا شکریہ ادا کیا گیا اور اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ جامعہ اپنے تعلیمی و تربیتی مشن کے تحت ملت کی فکری، اخلاقی اور علمی تعمیر کے لیے اپنی کوششیں مزید مؤثر انداز میں جاری رکھے گی۔اس سے قبل جامعہ کے اسکول سیکشن کے ٹیچرس کے لیے بھی تین روزہ آن لائن اورینٹیشن کلاسس کا بھی کامیابی کے ساتھ انعقاد کیا گیا

 

جس محترمہ اسماء زرین صاحبہ/ بائیو سائنس،و محترمہ جویریہ صاحبہ / ریاضی اور جناب محمد صلاح الدین صاحب نے اسلامک اسٹڈیزجیسے مضامین میں مہارت کیسے پیدا کریں،قرآن مجید سے کیسے جوڑیں؟ سیر حاصل روشنی ڈالی۔ جناب مرزا محمد اعظم علی بیگ، سکریٹری جامعہ کے بموجب جامعہ میں نئے تعلیمی سال کا آغاز ہو چکا ہے اور داخلے جاری ہیں خواہش مند طالبات و اولیا ء طالبات و سرپرست جامعہ میں راست طور پر رجوع کرتے ہوئے تفصیلات حاصل کر سکتے ہیں۔مزید تفصیلات کے لئے موبائل نمبر 9381377069 یا 7799500259 پر رابطہ کر سکتے ہیں۔

[]

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *