[]
واشنگٹن: امریکی صدر جو بائیڈن کا کہنا ہے کہ اسرائیل کو غزہ کے الشفا اسپتال کو بچانا ہوگا، انہوں نے کہا کہ میں اس معاملے پر اسرائیلیوں سے رابطے میں ہوں۔
غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق امریکی صدر جو بائیڈن کا کہنا تھا کہ امید اور توقع ہے کہ اسپتال کے حوالے سے کم دخل اندازی کی جائے گی۔ قطر کی مدد سے قیدیوں کی رہائی کے معاہدے پر بات چیت ہورہی ہے۔ فلسطینی حکام کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ الشفا اسپتال کے محاصرے اور ایندھن کی کمی کے باعث 3 دن میں 33 مریض انتقال کر چکے ہیں۔
دوسری جانب اسرائیلی صدر کی اہلیہ کا کہنا ہے کہ صدر کا بیٹا حماس سے لڑائی میں مصروف تھا اور کافی وقت سے اس سے رابطہ نہیں ہو پا رہا۔
کین ریہست ریڈیو سے بات کرتے ہوئے اہلیہ کا کہنا تھا کہ ہمارا کچھ عرصے سے اپنے بیٹے کے ساتھ کوئی رابطہ نہیں ہے لیکن ہم بہت پرُامید ہیں۔انہوں نے کہا کہ میرے خیال میں تمام والدین کے لیے عام طور پر ماؤں کے لیے یہ دن مشکل ہوتے ہیں، تمام فوجیوں، اور فرنٹ لائن پر موجود ہر فرد کے لیے اور ہر ایک کے لیے ہم امید کرتے ہیں وہ امن کے ساتھ واپس آئیں۔
صدر اور ان کی اہلیہ کے تین بیٹے ہیں: نوم، متان اور روئی۔ ہرزوگ نے یہ نہیں بتایا کہ ان تینوں میں سے کون غزہ میں فوج کے ساتھ محاذ پر ہے۔ اس سے قبل اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو کا بھتیجا یائرنیتن یاہو بھی حماس سے جھڑپ میں ہلاک ہوگیا تھا، نیتن یاہو کا بھتیجا اسرائیلی فوج کی اسنائپر یونٹ کا سربراہ تھا۔