نیتن یاہو کی جنگی پالیسی اسرائیل کے زوال کو تیز کر رہی ہے، صہیونی میڈیا

مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، اسرائیلی ذرائع ابلاغ نے لبنان میں جاری جنگ اور بڑھتے فوجی نقصانات پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ موجودہ جنگی حکمت عملی اسرائیل کو کامیابی کی بجائے مزید بحران اور عدم استحکام کی طرف لے جا رہی ہے۔

اسرائیلی ویب سائٹ کان اور اخبار معاریو کی رپورٹس کے مطابق حزب اللہ کے خودکش ڈرون حملے اسرائیلی فوج کے لیے ایک سنگین چیلنج بن چکے ہیں اور لبنان کے محاذ پر فوجی ہلاکتوں میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔

معاریو نے لکھا ہے کہ وزیر اعظم بنیامین نتن یاہو اب تک کوئی قابل ذکر کامیابی حاصل نہیں کر سکے، جبکہ بین الاقوامی سطح پر بھی ان کی سیاسی حیثیت متاثر ہوئی ہے۔ اخبار کے مطابق اسرائیلی قیادت اپنی حقیقی عسکری صلاحیتوں سے بڑھ کر اہداف حاصل کرنے کی کوشش کر رہی ہے، جس کے نتائج خطرناک ثابت ہو سکتے ہیں۔

رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ موجودہ صورتحال میں اسرائیل کے لیے بیک وقت کئی محاذوں پر جنگ جیتنا انتہائی مشکل دکھائی دیتا ہے۔ اسی لیے بعض اسرائیلی حلقے تمام محاذوں پر کشیدگی کم کرنے اور سیاسی حل کی طرف بڑھنے کی ضرورت پر زور دے رہے ہیں۔

ادھر اسرائیلی چینل 12 کے مطابق لبنان میں بڑھتے ہوئے نقصانات کے بعد فوج کے اندر بھی جنگ کے سیاسی حل کی ضرورت پر بحث تیز ہو گئی ہے۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ حالیہ ہفتہ جنگ بندی کے بعد کے عرصے کا سب سے زیادہ جانی نقصان اٹھانے والا ہفتہ ثابت ہوا۔

اسرائیلی میڈیا نے خاص طور پر حزب اللہ کے خودکش ڈرونز کو تشویش کا بڑا سبب قرار دیتے ہوئے اعتراف کیا ہے کہ فوج اس خطرے کا مؤثر مقابلہ کرنے کے لیے مکمل طور پر تیار نہیں تھی، جس کے نتیجے میں اسے مسلسل مشکلات کا سامنا ہے۔

[]

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *