برکس ممالک عالمی توانائی نظام کو زیادہ منصفانہ بنانے میں کردار ادا کریں، ایران

مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایران نے برکس کے رکن ممالک پر زور دیا ہے کہ توانائی کو سیاسی دباؤ کے بجائے ترقی اور خوشحالی کا ذریعہ بنایا جائے اور عالمی توانائی سلامتی کے لیے مشترکہ اقدامات کریں۔

تفصیلات کے مطابق روس میں ایران کے سفیر کاظم جلالی نے کہا ہے کہ عالمی توانائی سلامتی کا دارومدار اب بڑی حد تک گلوبل ساؤتھ، بالخصوص برکس ممالک پر ہے، لہٰذا اس بلاک کو ایک زیادہ منصفانہ، مستحکم اور جامع عالمی توانائی نظام کی تشکیل میں فعال کردار ادا کرنا چاہیے۔

برکس کے فریم ورک میں توانائی تعاون اور سلامتی سے متعلق ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کاظم جلالی نے کہا کہ جغرافیائی سیاسی کشیدگی، سپلائی چین میں رکاوٹیں، عالمی منڈیوں میں اتار چڑھاؤ اور ابھرتی ہوئی معیشتوں میں بڑھتی ہوئی توانائی طلب نے توانائی سلامتی کو عالمی استحکام اور ترقی کا بنیادی ستون بنا دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ توانائی سلامتی صرف وسائل تک رسائی کا نام نہیں بلکہ اس میں رسد، طلب، سرمایہ کاری، ٹیکنالوجی، بنیادی ڈھانچے اور مالیاتی نظام کا تحفظ بھی شامل ہے۔ برکس ممالک کی وسیع صلاحیتیں انہیں عالمی توانائی نظام کو زیادہ عادلانہ اور پائیدار بنانے کی مشترکہ ذمہ داری کی بھی متقاضی ہیں۔

ایرانی سفیر نے بین الاقوامی شمال-جنوب ٹرانسپورٹ کوریڈور کی ترقی، نقل و حمل اور لاجسٹک ڈھانچے کی توسیع، بندرگاہی تعاون کے فروغ اور برکس ممالک کے توانائی نیٹ ورکس کے باہمی ربط کو مضبوط بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ ایسے اقدامات علاقائی اور عالمی سطح پر توانائی تجارت کے تحفظ اور پائیداری کو بڑھا سکتے ہیں۔

کاظم جلالی نے مزید کہا کہ اسلامی جمہوری ایران نے کبھی کسی ملک پر حملہ نہیں کیا اور ہمیشہ عالمی امن، استحکام اور سلامتی کے فروغ کی کوشش کی ہے۔

ان کے بقول ایران، برکس کے ایک رکن اور اہم توانائی پیدا کرنے والے ملک کی حیثیت سے، توانائی کے شعبے میں انصاف اور عالمی توانائی سلامتی کے قیام کے لیے اپنا تعمیری اور مؤثر کردار جاری رکھے گا۔

[]

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *