
مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے لبنان کے صدر جوزف عون کے حالیہ بیانات پر سخت ردعمل ظاہر کرتے ہوئے ایک طنزیہ پیغام میں کہا کہ ’جو شخص اپنے ساتھ کھڑے ہونے والے کو بیچ دیتا ہے اور اپنے سامنے کھڑے ہونے والے کو خرید لیتا ہے، وہ اپنے مددگار کو چھوڑ دیتا ہے اور اس کی حمایت کرتا ہے جس نے اسے مشکلات میں ڈالا ہو۔
تفصیلات کے مطابق، اسماعیل بقائی نے عربی زبان میں سوشل میڈیا پر جاری اپنے پیغام میں کہا کہ بعض لوگ اپنے حقیقی حامیوں کو ترک کرکے ان عناصر کا ساتھ دینے لگتے ہیں جنہوں نے انہیں دباؤ اور مشکلات سے دوچار کیا ہو۔
یہ ردعمل لبنان کے صدر جوزف عون کے اس بیان کے بعد سامنے آیا جس میں انہوں نے امریکی نشریاتی ادارے CNN کو انٹرویو دیتے ہوئے دعویٰ کیا تھا کہ ایران، لبنان کو امریکہ کے ساتھ مذاکرات میں دباؤ کے ایک ذریعے کے طور پر استعمال کرتا ہے۔
دوسری جانب ایرانی وزیر خارجہ نے بھی صدر عون کے الزامات کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ اگر ان کے بیانات کو درست مان لیا جائے تو گویا ایران ہی لبنان کی سرزمین پر قابض ہے، لبنانی عوام کو بے گھر کر رہا ہے اور روزانہ لبنان پر بمباری کر رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اگر لبنان واقعی ایران کے لیے سودے بازی کا ذریعہ ہوتا تو تہران بہت پہلے کسی معاہدے تک پہنچ چکا ہوتا۔
عباس عراقچی نے اپنے بیان میں لبنانی صدر کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ لبنان کو اپنے حقیقی دشمن سے نجات دلانے پر توجہ دینی چاہیے، بے بنیاد الزامات کے ذریعے حقائق کو مسخ نہیں کرنا چاہیے۔
