لبنان، امریکہ اور اسرائیل کے درمیان 9 گھنٹے طویل فوجی مذاکرات بے نتیجہ ختم

مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، لبنان، امریکہ اور اسرائیل کے درمیان امریکی وزارت جنگ میں ہونے والے 9 گھنٹے طویل فوجی مذاکرات کسی واضح پیش رفت کے بغیر اختتام پذیر ہوگئے۔

عرب میڈیا کے مطابق لبنانی فوجی وفد مذاکرات میں اسرائیل کی جانب سے حقیقی جنگ بندی کی منظوری حاصل کرنے میں ناکام رہا۔ ایک لبنانی سرکاری ذریعے نے بتایا کہ وفد نے مکمل جنگ بندی اور لڑائی کے خاتمے پر زور دیا، تاہم اسرائیلی نمائندوں نے بار بار اس مطالبے کی مخالفت کی۔

ذرائع کے مطابق اسرائیلی وفد نے لبنان کی مقبوضہ سرزمین سے انخلا سے بھی انکار کیا اور حزب اللہ کے خاتمے پر اصرار کیا۔ اس سے قبل اسرائیلی نشریاتی ادارے نے بھی رپورٹ کیا تھا کہ تل ابیب کے نمائندوں نے لبنانی تجویز مسترد کرتے ہوئے مؤقف اختیار کیا کہ جب تک لبنان سے خطرات موجود ہیں، اسرائیلی فوج ان علاقوں سے واپس نہیں جائے گی۔

دوسری جانب پینٹاگون نے اپنے بیان میں مذاکرات کو تعمیری قرار دیتے ہوئے کہا کہ فریقین نے علاقائی سلامتی اور استحکام کے لیے عملی فریم ورک پر گفتگو کی۔ امریکی وزارتِ دفاع کے مطابق ان مذاکرات کے نتائج آئندہ ہفتے دوبارہ شروع ہونے والے سیاسی عمل میں معاون ثابت ہوں گے۔

پینٹاگون نے یہ بھی کہا کہ امریکہ اسرائیلی اور لبنانی افواج کے ساتھ اپنی تزویراتی شراکت داری کو اہمیت دیتا ہے اور لبنان کی خودمختاری و علاقائی سالمیت کی حمایت جاری رکھے گا۔

امریکی وزارت جنگ نے امید ظاہر کی کہ علاقائی سلامتی کے فروغ کے لیے ایسے مذاکرات جلد دوبارہ شروع ہوں گے۔

[]

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *