
مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، لبنان کی مزاحمتی تنظیم حزب اللہ نے جنوبی لبنان میں اسرائیلی فوجی پوزیشنوں اور اجتماعات پر متعدد میزائل اور ڈرون حملے کئے ہیں جبکہ اسرائیلی فوج نے بھی لبنان سے راکٹ فائر کیے جانے کی تصدیق کی ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق جنوبی لبنان کے علاقے یحمر الشقیف کے اطراف اسرائیلی فوجی ٹھکانوں اور اہلکاروں کی جانب تین میزائل داغے گئے۔ اسرائیلی داخلی محاذ نے ایک مشتبہ ڈرون کی سرحدی علاقے زرعین کی فضائی حدود میں موجودگی کی اطلاع دیتے ہوئے خطرے کے سائرن بجنے کی تصدیق کی۔
حزب اللہ کے بیان کے مطابق ہضبۃ العجل کے مقام پر اسرائیلی بکتر بند گاڑیوں اور فوجی اجتماع کو میزائلوں سے نشانہ بنایا گیا۔ تنظیم نے یحمر الشقیف، زوطر الشرقیہ اور دیگر مقامات پر بھی اسرائیلی فوجی اہداف کے خلاف میزائل اور ڈرون کارروائیوں کا دعویٰ کیا۔
مزاحمتی تنظیم کے مطابق المالکیہ سائٹ، یفتاح فوجی اڈے اور نطوعا کے قریب اسرائیلی فوجی اجتماع پر خودکش ڈرون حملے کیے گئے، جبکہ خربہ ماعر میں اسرائیلی توپ خانے کے یونٹ کو بھی ڈرون کے ذریعے نشانہ بنایا گیا۔
دوسری جانب اسرائیلی فوج نے اعلان کیا کہ لبنان سے شمالی مقبوضہ علاقوں کی جانب مزید دو راکٹ فائر کیے گئے۔ اسرائیلی فوج کے مطابق ان راکٹوں کو کریات شمونہ کے اوپر فضائی دفاعی نظام کے ذریعے روک لیا گیا۔
