
مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، حزب اللہ لبنان نے آج صبح سے اب تک کئی مرتبہ جنوبی لبنان اور مقبوضہ علاقوں میں اسرائیلی فوجی ٹھکانوں کو ڈرون، راکٹ اور مارٹر حملوں کا نشانہ بنایا ہے۔
صہیونی حکومت کے ٹی وی چینل 12 نے رپورٹ دی ہے کہ حزب اللہ نے ہفتے کے آخری دنوں میں مقبوضہ علاقوں کی جانب 30 سے زائد راکٹ فائر کیے، جن سے اسرائیلی فوج کو بھاری نقصان پہنچا ہے۔
اسی سلسلے میں حزب اللہ لبنان نے ایک بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیلی فوجیوں کے ایک اجتماع کو دریائے دیرسریان کے اطراف توپ خانے اور راکٹ حملوں سے نشانہ بنایا گیا۔
بیان کے مطابق یہ حملے آج صبح سے اب تک پانچ مرتبہ دہرائے جا چکے ہیں۔ حزب اللہ کا کہنا ہے کہ یہ کارروائیاں علاقے میں اسرائیلی فوج کی نقل و حرکت کے ردعمل میں کی گئیں۔
تاحال ان حملوں میں ہونے والے جانی یا مالی نقصانات کی تفصیلات جاری نہیں کی گئیں۔
حزب اللہ لبنان نے ایک اور بیان میں کہا کہ رشاف کے علاقے میں اسرائیلی فوجیوں کے اجتماع پر مارٹر گولوں سے حملہ کیا گیا۔
دوسری جانب صہیونی حکومت کے داخلی محاذ نے اعلان کیا کہ لبنان کی جانب سے ایک ڈرون کی دراندازی کا پتہ چلنے کے بعد مغربی الجلیل کے مختلف علاقوں میں خطرے کے سائرن بج اٹھے۔
