
مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے کمانڈر انچیف میجر جنرل احمد وحیدی نے یوم آزادی خرمشہر کے موقع پر ایک اہم پیغام میں خبردار کیا کہ ایران کسی بھی صورت میں اپنی دفاعی طاقت پر سمجھوتہ نہیں کرے گا۔
میجر جنرل وحیدی نے ۵۷۸ دن کے قبضے کے بعد خرمشہر کی تاریخی فتح کو ایرانی مزاحمت کی علامت قرار دیتے ہوئے کہا کہ اسی جذبے کے ساتھ ایران نے حالیہ 40 روزہ جنگ میں بھی ثابت کیا ہے کہ وہ جارح دشمن کو ناکوں چنے چبوا سکتا ہے۔ ایران کی ۴۰ روزہ مزاحمت کے بعد دشمن ذلت کے ساتھ جنگ بندی پر آمادہ ہوا ہے۔
سپاہ کے کمانڈر نے ایران کی دفاعی حکمت عملی کے بنیادی پہلوؤں پر زور دیتے ہوئے کہا کہ دشمن نے ایران کے خلاف ایک کثیر الجہتی جنگ چھیڑی تھی، لیکن عوام کی حمایت اور مسلح افواج کے بروقت اور دندان شکن جواب نے اس کے تمام ناپاک عزائم خاک میں ملا دیے۔
انہوں نے کہا کہ ایران اب اپنی دفاعی صلاحیتوں کو اتنی بلندی پر لے چکا ہے کہ دشمن کو کسی بھی قسم کی حماقت کرنے سے پہلے بار بار سوچنا پڑتا ہے۔ جوہری، میزائل اور جدید ٹیکنالوجی میں پیش رفت ہماری اس فعال ڈیٹرنس کا حصہ ہے۔
جنرل وحیدی نے کہا کہ ملک کا حقیقی اور اسٹریٹجک اثاثہ پرعزم عوام ہیں، جن کا اتحاد دشمن کی ہر سازش اور نفوذ کے سامنے ایک ناقابل تسخیر قلعہ ہے۔
انہوں نے انتباہ کیا ہے ایران کی مسلح افواج تمام شعبوں میں ہائی الرٹ ہیں۔ دشمن کی کسی بھی نئی جارحیت کا نتیجہ ایک ایسے تباہ کن اور منہ توڑ جواب کی صورت میں نکلے گا جو صرف علاقائی حدود تک محدود نہیں رہے گا اور عالمی سطح پر دشمن کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا جائے گا۔
سپاہ پاسداران کے سربراہ نے کہا کہ خرمشہر کی فتح محض ایک تاریخی واقعہ نہیں، بلکہ یہ آنے والی بڑی فتوحات کا پیش خیمہ ہے۔ یہ فتح مبین مقبوضہ بیت المقدس کی آزادی اور صیہونی حکومت کے منطقی انجام کی جانب جاری سفر بڑھتے ہوئے کا حصہ ہے۔
