ایران کا امریکی تجویز کے جواب میں پابندیاں ختم کرنے اور لبنان میں جنگ بندی کا مطالبہ

مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق امریکہ کی جانب سے جنگ کے خاتمے کی تجویز کے جواب میں تہران نے بحری ناکہ بندی کے خاتمے، ایرانی تیل کی برآمدات پر پابندیوں کے اٹھانے اور لبنان میں جنگ بندی کا مطالبہ کیا ہے۔

ایرانی سفارتی ذرائع نے لبنانی ٹی وی چینل المیادین کو بتایا ہے کہ ایران کا جواب پاکستانی ثالث کے ذریعے واشنگٹن تک پہنچایا گیا جس میں لبنان میں جنگ بندی سے متعلق ایک شق بھی شامل ہے اور اسے ایران نے اپنی سرخ لکیر قرار دیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق تہران نے بعض مجوزہ مفاہمتوں کو لبنان میں کشیدگی کے خاتمے کی ضمانتوں سے مشروط کیا ہے اور کہا ہے کہ واشنگٹن کے ساتھ کسی بھی ممکنہ معاہدے میں اعلان کے فوراً بعد جنگ کا خاتمہ شامل ہونا چاہیے۔

ذرائع نے بتایا کہ ایران نے اپنے جواب میں امریکی پابندیوں کے خاتمے اور بیرون ملک منجمد ایرانی اثاثوں کی بحالی پر بھی زور دیا ہے جبکہ ایرانی تیل کی فروخت پر امریکی دفتر برائے غیر ملکی اثاثہ جات کنٹرول کی پابندیوں کو ختم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق ایران نے مجوزہ مفاہمتوں کے دائرہ کار میں آبنائے ہرمز کے انتظام کو بھی شامل کیا ہے۔

سفارتی ذرائع نے مزید بتایا کہ مجوزہ معاہدے میں جنگ بندی کے بعد 30 دن تک مذاکرات جاری رکھنے کی تجویز بھی شامل ہے تاکہ تفصیلات طے کی جاسکیں، جبکہ ایران نے واشنگٹن کی سنجیدگی جانچنے کے لیے باہمی اقدامات کی تجویز بھی پیش کی ہے۔

ذرائع کے مطابق تہران اور واشنگٹن کے درمیان فی الحال مذاکرات پاکستانی ثالث کے ذریعے تحریری شکل میں جاری رہیں گے۔

[]

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *