
مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، غزہ کی وزارت صحت نے اعلان کیا ہے کہ 7 اکتوبر 2023 سے غزہ کے خلاف جاری اسرائیلی جنگ میں شہداء کی مجموعی تعداد 72 ہزار 736 تک پہنچ گئی ہے جبکہ زخمیوں کی تعداد 1 لاکھ 72 ہزار 535 ہو چکی ہے۔
رپورٹ کے مطابق، غزہ کی وزارت صحت نے آج ہفتے کے روز بتایا کہ گزشتہ 48 گھنٹوں کے دوران 5 شہداء کی لاشیں اور 15 زخمی اسپتالوں میں منتقل کیے گئے۔ ان شہداء میں 4 نئے شہداء شامل ہیں جبکہ ایک لاش ملبے تلے سے نکالی گئی۔
وزارت نے مزید کہا کہ اب بھی بڑی تعداد میں متاثرین ملبے تلے اور سڑکوں پر موجود ہیں، جبکہ امدادی ٹیمیں تاحال ان تک رسائی حاصل نہیں کر سکیں۔
رپورٹ کے مطابق 11 اکتوبر کو جنگ بندی کے اعلان کے بعد سے اب تک 850 افراد شہید اور 2 ہزار 433 زخمی ہو چکے ہیں۔
اسی دوران ملبے سے نکالی جانے والی لاشوں کی تعداد 770 تک پہنچ گئی ہے۔
غزہ کی وزارت صحت کے مطابق 7 اکتوبر 2023 سے جاری اسرائیلی جنگ کے نتیجے میں اب تک مجموعی طور پر 72 ہزار 736 فلسطینی شہید اور 1 لاکھ 72 ہزار 535 زخمی ہو چکے ہیں۔
