ممبئی کے بعد  اترپردیش میں بھی تربوز بنا قاتل، ایک ہی خاندان کے 3 میں سے ایک فرد کی موت۔ 2 کی حالت سنگین

نئی دہلی: چند روز پہلے کی ہی بات ہے جب ممبئی میں ایک ہی کنبہ کے کچھ لوگوں کی طبیعت تربوز کھانے کے بعد بگڑی، اور پھر ان کی موت ہو گئی۔ اب کچھ ایسا ہی معاملہ اتر پردیش کے بجنور میں پیش آیا ہے، جس نے لوگوں میں خوف و دہشت پیدا کر دیا ہے۔ بجنور کے کوتوالی دیہات تھانہ علاقہ کے شیر نگر نرائیکا گاؤں میں تربوز کھانے کے بعد ایک ہی خاندان کے 3 افراد کی طبیعت اچانک بگڑ گئی۔ موصولہ اطلاع کے مطابق اسپتال لے جاتے وقت راستے میں 22 سالہ لڑکی نے دم توڑ دیا اور اس کے والدین کی حالت اب بھی نازک بنی ہوئی ہے۔میڈیا رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ڈاکٹر ضیاء الرحمٰن نامی شخص نے بازار سے لایا ہوا تربوز اپنی بیوی اور بیٹی مسکان کے ساتھ کھایا تھا۔ تربوز کھانے کے کچھ ہی دیر بعد تینوں کو شدید بے چینی، الٹی اور پیٹ درد کی شکایت ہونے لگی۔ جیسے جیسے وقت گزرتا گیا، مسکان کی حالت تیزی سے بگڑنے لگی۔ اہل خانہ اسے لے کر فوری طور پر اسپتال کے لیے روانہ ہوئے، لیکن بدقسمتی سے اسپتال پہنچنے سے پہلے ہی مسکان کی موت ہو گئی۔ مسکان کا نکاح حال ہی میں طے ہوا تھا، جس کے باعث گھر میں خوشیوں کا ماحول تھا۔ لیکن اب یہ خوشی ماتم میں بدل گئی ہے۔اس واقعہ کی اطلاع ملتے ہی محکمۂ صحت کی ٹیم اور مقامی پولیس موقع پر پہنچ گئی۔ ڈاکٹر ضیاء الرحمٰن اور ان کی اہلیہ کو بجنور کے ایک پرائیویٹ اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے، جہاں ان کا علاج جاری ہے۔ پولیس نے مسکان کی لاش کو تحویل میں لے کر پوسٹ مارٹم کے لیے بھیج دیا ہے۔ تاہم اہل خانہ پوسٹ مارٹم کرانے پر راضی نہیں ہوئے۔محکمۂ صحت کے افسران کا کہنا ہے کہ موت کی اصل وجہ کا پتہ پوسٹ مارٹم رپورٹ آنے کے بعد ہی چل سکے گا۔ فی الحال یہ خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ تربوز میں استعمال کیے گئے کیمیکل یا جراثیم کش دواؤں (پیسٹی سائیڈس) کی وجہ سے فوڈ پوائزننگ ہوئی ہوگی۔مبینہ طور پر تربوز کھانے سے ہوئی موت کے بعد علاقائی محکمۂ صحت کے افسران نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ پھل خریدتے وقت احتیاط برتیں۔ اکثر پھلوں کو جلد پکانے یا زیادہ سرخ دکھانے کے لیے خطرناک کیمیکل کا چھڑکاؤ کیا جاتا ہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ تازہ واقعہ کی سنگینی کو دیکھتے ہوئے پھل کے نمونوں کی جانچ بھی کی جا سکتی ہے۔بہرحال، ماہرین کا کہنا ہے کہ گرمیوں میں تربوز کھاتے وقت چند باتوں کا خیال رکھنا ضروری ہے۔ تربوز کاٹنے سے پہلے اسے کم از کم ایک گھنٹے تک پانی میں بھگو کر رکھیں۔ بہت زیادہ گہرے سرخ رنگ یا انجکشن کے نشان والے تربوز نہ خریدیں۔ اگر پھل کھانے کے بعد گھبراہٹ یا پیٹ میں مروڑ محسوس ہو تو بلا تاخیر ڈاکٹر سے رابطہ کریں۔

 

[]

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *