
راجستھان کے ضلع جالور میں ایک دل دہلا دینے والا واقعہ پیش آیا جہاں کزن کی شادی کی تقریب میں رقص کرتے ہوئے نئی نویلی دلہن کی ہارٹ اٹیک سے موت ہوگئی ۔ یہ واقعہ مورسم گاؤں میں پیش آیا، جہاں “بنڈوری” پروگرام کے دوران خاتون اچانک گر پڑی۔ گھر والوں نے فوری طور پر انہیں ہاسپٹل لے گئے، تاہم ڈاکٹروں نے انہیں مردہ قرار دے دیا۔ ابتدائی طور پر موت کی وجہ دل کا دورہ بتائی گئی ہے۔
یہ واقعہ پیر کی رات باگوڑا گاوں میں پیش آیا جبکہ اس کی ویڈیو منگل کو سامنے آئی۔ متوفیہ کی شناخت 22 سالہ دیپو کے طور پر ہوئی ہے، جن کی شادی صرف چار ماہ قبل ہوئی تھی۔ ان کے شوہر دلیپ کمار ممبئی میں اسٹیل کے کاروبار سے وابستہ ہیں۔
اطلاعات کے مطابق دیپو اپنی نانی کے گھر پہلی بار شادی کے بعد آئی تھیں تاکہ اپنے ماموں کے بچوں کی شادی میں شرکت کر سکیں۔ ان کے کزن بھنور لال کے مطابق ان کے چچا لمبارام راجپروہت کے بیٹے اور بیٹی کی شادی کی تقریبات جاری تھیں۔ بیٹی کی شادی 28 اپریل کو جبکہ بیٹے کی شادی یکم مئی کو طے ہے۔
پیر کی رات تقریباً 9 بجے ڈی جے کے ساتھ بنڈوری پروگرام جاری تھا اور تمام مہمان رقص میں مصروف تھے۔ اسی دوران دیپو بھی راجستھانی گانوں پر رقص کرنے لگیں، مگر تقریباً 10 منٹ بعد ان کی طبیعت بگڑ گئی اور وہ اچانک زمین پر گر پڑیں۔
گھر والوں نے فوری طور پر انہیں مورسم کے سرکاری غلے گئے، جہاں ڈاکٹروں نے بتایا کہ انہیں دل کا دورہ پڑا تھا۔ دل کی دھڑکن بحال کرنے کے لیے انجکشن دیے گئے، مگر وہ جانبر نہ ہو سکیں۔
خاندان نے پوسٹ مارٹم کروانے سے انکار کر دیا، جس کے بعد پولیس نے ضابطے کی کارروائی مکمل کرتے ہوئے لاش ورثاء کے حوالے کر دی۔
بھنور لال کے مطابق دیپو کی شادی چار ماہ قبل ہوئی تھی اور یہ شادی کے بعد ان کی پہلی تقریب تھی جس میں وہ شریک ہوئیں۔ ان کے والد دیوارام ایک سرکاری استاد ہیں اور باگوڑا کے ایک اسکول میں خدمات انجام دے رہے ہیں، جبکہ ان کی چھوٹی بہن بھی اس موقع پر موجود تھی۔
