
نئی دہلی: امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کی شرکت میں منعقدہ وائٹ ہاؤس کوریسپانڈنٹس ڈنر میں فائرنگ کرنے والا ملزم ایک اعلیٰ تعلیم یافتہ شخص ہے۔ تفتیشی ٹیموں نے اس کی شناخت 31 سالہ کولو ٹاموس ایلن کے طور پر کی ہے،
جو کیلیفورنیا کے شہر لاس اینجلس کے مضافاتی علاقے ٹورینس کا رہائشی ہے۔ اس کے لنکڈ اِن پروفائل کے مطابق اس نے 2017 میں کیلیفورنیا انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی سے مکینیکل انجینئرنگ میں ڈگری حاصل کی۔ 2017 میں کالٹیک میں
تعلیم کے دوران اس نے وہیل چیئرز کے لیے ایک ہنگامی بریک کا تجرباتی ڈیزائن تیار کیا تھ، جس پر مقامی اخبار میں رپورٹ بھی شائع ہوئی تھی۔ بعد ازاں اس نے کیلیفورنیا اسٹیٹ یونیورسٹی سے کمپیوٹر سائنس میں ماسٹرس مکمل کیا۔
2018 میں اس نے ایک ویڈیو گیم بھی تیار کیا اور اس کا ٹریڈ مارک رجسٹر کروایا۔ حال ہی میں اس نے ’فرسٹ لا‘ کے نام سے ایک اور گیم پر کام کرنے کا ذکر بھی اپنے لنکڈ اِن پر کیا ہے۔ 2014 میں وہ ناسا کے جیٹ پروپلشن لیبارٹری کے
فیلوشپ پروگرام میں بھی شریک رہا۔اس وقت وہ ٹیسٹ پریپریشن ٹیوشن کمپنی سی ٹو ایجوکیشن میں بطور استاد کام کر رہا ہے، اور دسمبر 2024 میں اسے ’ٹیچر آف دی منتھ‘ بھی منتخب کیا گیا تھا۔ سیاسی طور پر دیکھا جائے تو وہ
ڈیموکریٹک پارٹی کا حامی بتایا جا رہا ہے اور فیڈرل الیکشن کمیشن کے ریکارڈ کے مطابق اس نے کملا ہیرس کی صدارتی مہم کے لیے 25 ڈالر کا عطیہ بھی دیا تھا۔

