
مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، امریکی ایوان نمائندگان کی کمیٹی برائے خارجہ امور کے ڈیموکریٹ اراکین نے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی حکومت پر دباؤ بڑھاتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ وہ ایران کے ساتھ جنگ ختم کرنے کے لیے اپنا منصوبہ اور اس کے نتیجے میں پیدا ہونے والے توانائی بحران سے نمٹنے کی حکمت عملی کھل کر بیان کرے۔
تفصیلات کے مطابق ڈیموکریٹ اراکین نے کہا ہے کہ ٹرمپ انتظامیہ کو چاہیے کہ وہ واضح کرے کہ ایران کے ساتھ جنگ کو ختم کرنے کے لیے اس کے پاس کیا حکمت عملی ہے اور امریکی عوام کو بڑھتے ہوئے توانائی بحران سے کیسے بچایا جائے گا۔
اراکین نے خبردار کیا کہ اگر آبنائے ہرمز بدستور بند رہی تو امریکہ میں عوام کو کئی مہینوں تک ایندھن کی قیمتوں میں اضافے اور مزید مہنگائی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ آبنائے ہرمز کی بندش عالمی توانائی منڈی پر براہ راست اثر ڈال سکتی ہے، جس کے نتیجے میں امریکہ میں پٹرول اور دیگر ایندھن کی قیمتیں مزید بڑھنے کا خدشہ ہے۔
