
عادل آباد میونسپلٹی میں کو آپشن ممبر کے تقرر کا عمل شروع
عادل آباد، 17 اپریل(اردو لیکس) حکومت تلنگانہ کے محکمہ بلدی نظم و نسق کے تحت میونسپل آفس عادل آباد کی جانب سے شریک منتخب اراکین (Co-option Members) کے تقرر کے لئے باضابطہ طور پر درخواستیں طلب کی گئی ہیں۔ اس ضمن میں جاری کردہ پریس ریلیز اور سرکلر کے مطابق تلنگانہ میونسپلٹیز (کوآپشن) رولز 2020 کے تحت میونسپلٹی میں چار اراکین کا انتخاب عمل میں لایا جائے گا۔ تفصیلات کے مطابق دو ایسے اراکین منتخب کئے جائیں گے جو میونسپل ایڈمنسٹریشن میں خصوصی علم یا تجربہ رکھتے ہوں،
جن میں ایک خاتون رکن کا ہونا لازمی قرار دیا گیا ہے۔ اسی طرح دو اراکین اقلیتی برادری سے لئے جائیں گے، جن میں بھی ایک خاتون کا شامل ہونا ضروری ہوگا۔ اعلامیہ میں بتایا گیا ہے کہ خصوصی علم یا تجربہ رکھنے والے امیدوار کے لئے لازمی ہے کہ وہ میونسپلٹی کی ووٹر لسٹ میں رجسٹرڈ ہو اور اس کی عمر کم از کم 21 سال ہو۔ اس کے علاوہ امیدوار کے پاس چیئرپرسن، وائس چیئرپرسن یا وارڈ ممبر کے طور پر کم از کم پانچ سال کا تجربہ ہونا چاہیے، یا گرام پنچایت سطح پر سرپنچ، نائب سرپنچ یا وارڈ ممبر کی حیثیت سے پانچ سال خدمات انجام دی ہوں
۔ مزید برآں، وہ افراد بھی اہل ہوں گے جنہوں نے کم از کم تین سال تک میونسپل اسٹینڈنگ کونسل کے طور پر خدمات انجام دی ہوں یا وہ مرکزی یا ریاستی حکومت یا کسی لوکل باڈی کے ریٹائرڈ گزٹڈ افسر ہوں اور میونسپل انتظامیہ کا تجربہ رکھتے ہوں۔ اقلیتی برادری سے تعلق رکھنے والے امیدواروں کے لئے لازمی ہے کہ وہ میونسپلٹی کے ووٹر ہوں، ان کی عمر 21 سال سے کم نہ ہو اور وہ متعلقہ اقلیتی برادری سے تعلق رکھتے ہوں۔
میونسپل حکام کے مطابق اس سلسلے میں مکمل تفصیلات میونسپل آفس عادل آباد کے نوٹس بورڈ پر آویزاں کر دی گئی ہیں۔ دلچسپی رکھنے والے اہل امیدوار اپنی درخواستیں ضروری دستاویزات کے ساتھ کمشنر، میونسپلٹی عادل آباد کے دفتر میں 25 اپریل 2026 شام 5 بجے تک جمع کر سکتے ہیں۔ حکام نے واضح کیا ہے کہ مقررہ آخری تاریخ کے بعد موصول ہونے والی درخواستوں پر غور نہیں کیا جائے گا۔
ساتھ ہی اس اعلامیہ کی نقل میونسپل آفس کے علاوہ ضلع کے دیگر سرکاری دفاتر کے نوٹس بورڈز پر بھی آویزاں کی گئی ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ افراد تک اطلاع پہنچ سکے۔ کمشنر میونسپلٹی عادل آباد نے اہل افراد سے اپیل کی ہے کہ وہ اس موقع سے استفادہ کرتے ہوئے میونسپل انتظامیہ میں اپنی خدمات پیش کریں اور شہری ترقی میں حصہ دار بنیں۔
