مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، غزہ کے مسلسل محاصرے اور انسانی بحران کی شدت کے دوران ایک نیا بین الاقوامی صمود بیڑا غزہ کی جانب روانہ ہوگیا ہے۔ بیڑے میں شامل کشتیوں نے اسپین کے شہر بارسلونا کی بندرگاہ چھوڑ دی ہے۔
رپورٹ کے مطابق اس بیڑے کا بنیادی ہدف غزہ کا محاصرہ توڑنے کی کوشش ہے، اور اسے رواں سال اس مقصد کے لیے کی جانے والی سب سے بڑی بین الاقوامی کارروائی قرار دیا جا رہا ہے۔
یہ دوسرا موقع ہے کہ صمود فلوٹیلا ایک سال سے بھی کم عرصے میں غزہ کی طرف روانہ ہو رہا ہے۔ اس بار شرکت کا حجم پچھلے سال کے مقابلے میں کہیں زیادہ بتایا جا رہا ہے۔

گزشتہ بیڑا ستمبر 2025 میں روانہ ہوا تھا، جس میں 42 کشتیاں اور 462 افراد شامل تھے۔ موجودہ بیڑے میں تقریباً 70 کشتیاں اور 70 مختلف ممالک سے تعلق رکھنے والے تقریباً 1000 رضاکار موجود ہیں۔
صمود فلوٹیلا کے منتظمین کا کہنا ہے کہ ان کی تمام سرگرمیاں بین الاقوامی قوانین کے مطابق ہیں۔ یہ مشن فلسطینی سول سوسائٹی تنظیموں، وکلاء، سیاست دانوں، سکیورٹی و بحری ماہرین اور میڈیا ماہرین کے ساتھ ہم آہنگی کے تحت انجام دیا جا رہا ہے۔


