[]
حیدرآباد: تلنگانہ اسمبلی انتخابات کیلئے بی جے پی نے35 امیدواروں پر مشتمل نئی وتیسری فہرست جمعرات کے روز جاری کی ہے جس میں پارٹی کے 2 ارکان پارلیمنٹ کشن ریڈی اور ڈاکٹر اے لکشمن کے نام جنہیں سابق میں اسمبلی الیکشن میں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا، زعفرانی جماعت کی تیسری فہرست میں موجود نہیں ہیں۔
بی جے پی نے حلقہ اسمبلی جوبلی ہلز سے کانگریس امیدوار محمد اظہر الدین کے خلاف لنکالا دیپک ریڈی کو پارٹی امیدوار بنایا ہے۔ بی جے پی نے اب تک88 امیدواروں کے نام کا اعلان کردیاہے۔
تلنگانہ بی جے پی کے صدر کشن ریڈی کو جو حلقہ سکندرآباد سے لوک سبھا میں نمائندگی کرتے ہیں،2008 کے اسمبلی انتخابات میں حلقہ عنبر پیٹ سے شکست ہوئی تھی۔
انہیں بی آر ایس امیدوار کے وینکٹیش نے شکست دی تھی جبکہ ڈاکٹر کے لکشمن کو حلقہ مشیر آباد سے بی آر ایس امیدوار مٹاگوپال نے شکست فاش دی تھی۔
ڈاکٹر لکشمن کو گزشتہ سال یو پی سے راجیہ سبھا کے لئے نامزد کیا گیا۔ بی جے پی کے ایک سینئر قائد نے بتایا کہ چند حلقوں سے پارٹی امیدواروں کے ناموں کا اعلان نہیں کیا گیا کیونکہ پون کلیان کی جماعت جنا سینا پارٹی سے بات چیت کا عمل جاری ہے۔
جنا سینا پارٹی کو اے پی کی سرحد کے اضلاع میں 6 سے7 نشستوں کا پیش کش کیا جاسکتا ہے۔ متحدہ ریاست اے پی کے سابق وزیر سی کرشنا یادو کو حلقہ اسمبلی عنبر پیٹ سے ٹکٹ دیا گیا ہے جبکہ حلقہ مشیر آباد سے پی راجو پارٹی امیدوار ہوں گے۔
فلمی اداکار و سابق وزیر بابو موہن اور سینئر قائد ایم ششی دھر ریڈی کے نام بھی فہرست میں شامل ہیں۔ بی جے پی نے ٹریڈ یونین لیڈر اشواتھم ریڈی کو بھی ٹکٹ دیا ہے۔ آج جاری کردہ بی جے پی کی یہ تیسری فہرست ہے پہلی اور دوسری فہرست میں بالترتیب52 اور ایک نام شامل تھا۔