حیدرآباد کے پرانے شہر میں بم رکن الدولہ جھیل کا افتتاح – چیف منسٹر ریونت ریڈی اور صدر مجلس بیرسٹر اویسی کا خطاب

چیف منسٹر ریونت ریڈی نے کہا کہ حیدرآباد کے تالابوں کو قبضوں سے آزاد کر کے انہیں سیاحتی اور معاشی مراکز کے طور پر ترقی دینے کا منصوبہ ہے  انہوں نے کہا کہ عنبرپیٹ کے بتکماں کنٹہ تالاب کو حال ہی میں ترقی دی گئی ہے، جہاں گزشتہ برس دسہرہ کے موقع پر ہزاروں خواتین نے بتکماں تہوار میں حصہ لیا۔

 

چیف منسٹر ریونت ریڈی نے صدر مجلس و رکن پارلیمنٹ حیدرآباد بیرسٹر اسد الدین اویسی کے ساتھ مل کر پرانے شہر کے حسن نگر، شیورام پلی میں بم رکن الدولہ تالاب کا افتتاح کیا اور خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پرانے شہر کی ترقی کے لیے بنگلورو قومی شاہراہ پر طویل فلائی اوور مکمل کیا گیا ہے، جبکہ میٹرو ریل کے کام بھی تیزی سے جاری ہیں۔ مزید کہا کہ میر عالم تالاب پر تقریباً 300 کروڑ روپے کی لاگت سے کیبل پل تعمیر کیا جا رہا ہے۔

 

چیف منسٹر نے عوام سے خطاب میں کہا کہ حکومت ترقیاتی کاموں کے لیے ہر ممکن فنڈ فراہم کرنے کو تیار ہے اور انہیں صرف عوام کی دعاؤں اور تعاون کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا: “شہر میں جہاں بھی دیکھیں، گندگی ہے۔ ہم نے آپ کے نمائندوں کو لندن کی تھیم ندی اور دیگر ممالک کے شہروں جیسے جنوبی کوریا اور سنگاپور کے دورے پر بھیجا تاکہ وہاں کی صاف ستھری ندیوں اور شہروں کا مشاہدہ کیا جا سکے۔ ہمیں اسی معیار پر حیدرآباد کو بھی ترقی دینا ہے۔”

 

انہوں نے کہا کہ موسیٰ ندی کی صفائی کے لیے پارٹی کارکن اور قایدین تعاون کریں اور اگر ترقی ہوئی تو دریائے موسیٰ کے کنارے رات کے وقت سیاحت بڑھے گی، جبکہ حمایت ساگر سے راموجی فلم سٹی تک سیاحتی سرگرمیاں فروغ پائیں گی۔

 

اس موقع پر رکن پارلیمنٹ حیدرآباد بیرسٹر اسد الدین اویسی نے کہا کہ کانگریس حکومت کے آنے کے بعد پرانے شہر میں متعدد ترقیاتی کاموں کا آغاز ہوا ہے، جس سے عوام کو فائدہ ہوگا۔ تقریب میں وزیر  سرینواس ریڈی ؛ رکن پارلیمنٹ انیل کمار یادو، ایم ایل سی  مرزا رحمت بیگ ؛ اقلیتی تعلیمی اداروں کی سوسائٹی کے نائب چیئرمین فہیم قریشی  اور حیدرا کمشنر رنگا ناتھ بھی موجود تھے۔

 

 

[]

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *