عادل آباد پولیس کی عوام دوست پہل، متاثرین کے گھروں پر جا کر ایف آئی آر درج

عادل آباد پولیس کی عوام دوست پہل، متاثرین کے گھروں پر جا کر ایف آئی آر درج

 

آن سائٹ ایف آئی آر نظام کے تحت اب تک عادل آباد ڈویژن میں 6 مقدمات درج ۔ ڈی ایس پی

 

 

عادل آباد۔7/مارچ( ) عادل آباد ٹاؤن کے ڈی ایس پی ایل جیون نے اپنے ایک صحافتی بیان میں بتایا کہ عوام کو فوری انصاف اور سہولت فراہم کرنے کے مقصد سے پولیس کی جانب سے آن سائٹ ایف آئی آر درج کرنے کا نظام شروع کیا گیا ہے۔ اس نظام کے تحت متاثرین یا شکایت کنندگان کو تھانے آنے کی ضرورت نہیں رہتی بلکہ پولیس خود ان کی رہائش گاہ پر پہنچ کر شکایت درج کرتی ہے۔

ڈی ایس پی ایل جیون نے بتایا کہ اگر کسی قابلِ دست اندازی پولیس جرم کی اطلاع موصول ہوتی ہے تو پولیس عملہ فوری طور پر متاثرہ شخص کے مقام یا جائے وقوعہ پر پہنچ کر تفصیلات حاصل کرتا ہے اور وہیں ایف آئی آر درج کی جاتی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ اس سہولت کے آغاز کے بعد اب تک عادل آباد ڈویژن میں متاثرین کے گھروں پر جا کر 6 مقدمات درج کیے جا چکے ہیں۔ یہ طریقہ کار خاص طور پر خواتین، بزرگوں اور ایسے افراد کے لیے نہایت مفید ثابت ہو رہا ہے جو کسی وجہ سے پولیس اسٹیشن تک پہنچنے میں دشواری محسوس کرتے ہیں۔

ڈی ایس پی نے کہا کہ اس اقدام سے نہ صرف متاثرین کو فوری مدد مل رہی ہے بلکہ پولیس کو بھی جائے وقوعہ کا براہ راست معائنہ کرنے میں آسانی ہوتی ہے جس سے تحقیقات میں تیزی آتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عادل آباد پولیس عوام کی خدمت کے جذبے کے ساتھ جدید اور سہل طریقوں کے ذریعے انصاف کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے کوشاں ہے۔

[]

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *