ایران اور لبنان کے تعلقات سیاست سے بالاتر اور گہرے ثقافتی رشتوں پر قائم ہیں، صدر پزشکیان

مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایران کے صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان نے کہا ہے کہ ایران اور لبنان کے تعلقات محض سیاسی نوعیت کے نہیں بلکہ یہ گہرے ثقافتی، تاریخی اور جذباتی رشتوں میں جڑے ہوئے ہیں جو وقت کے ساتھ مزید مضبوط ہوئے ہیں۔

تہران میں لبنان کے نئے نامزد سفیر احمد سویدان کی اسنادِ سفارت پیش کرنے کی تقریب کے موقع پر انہوں نے کہا کہ ایران اور لبنان نے مشکل اور خوشحال دونوں ادوار میں ایک دوسرے کا ساتھ دیا ہے۔

صدر نے کہا کہ تہران لبنان کی صورتحال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہے۔ ایران کی خواہش ہے کہ لبنانی عوام امن، استحکام اور ترقی کے ماحول میں زندگی گزاریں۔

انہوں نے خطے میں بدامنی کی ذمہ داری اسرائیل پر عائد کرتے ہوئے کہا کہ صہیونی حکومت کی جارحانہ اور توسیع پسندانہ پالیسیاں نہ صرف لبنان بلکہ پورے خطے کے امن کے لیے خطرہ ہیں۔

ڈاکٹر پزشکیان نے واضح کیا کہ ایران ہمیشہ خطے کی اقوام کے حقوق کے دفاع کی بنیاد پر اپنے فیصلے کرتا ہے۔ انہوں نے عرب اور اسلامی ممالک، بالخصوص لبنان کے ساتھ تعاون کو مزید وسعت دینے کے عزم کا اعادہ کیا اور لبنانی سفیر کے کردار کو دوطرفہ تعلقات کے استحکام میں اہم قرار دیا۔

اس موقع پر لبنان کے سفیر احمد سویدان نے لبنانی قیادت کی جانب سے نیک تمناؤں کا پیغام پہنچایا اور کہا کہ ایران اور لبنان کے تعلقات بیرونی دباؤ کے باوجود مضبوط، مستحکم اور مسلسل ترقی کی راہ پر گامزن ہیں۔

[]

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *