شیعہ مذہبی مقام پر توڑ پھوڑ کے بعد آتش زنی کی افسوسناک واردات

*مذمتی بیان*

بسم اللّٰہ الرحمٰن الرحیم

*ہندوستان میں امام بارگاہ پر حملہ، ہندوستان کی یکجہتی پر حملہ کے مترادف ہے۔*
گزشتہ روز صوبہ اتر پردیش کے شہر فرخ آباد میں نامعلوم شرپسند عناصر نے ایک شیعہ مذہبی مقام پر توڑ پھوڑ کے بعد آتش زنی کی افسوسناک واردات انجام دی۔ اطلاعات کے مطابق کربلا/درگاہ “مولا علی نجف الاشرف” میں داخل ہو کر وہاں رکھے تعزیوں کو آگ لگا دی گئی، جس کے نتیجے میں تعزیہ سمیت دیگر مقدس تبرکات نذرِ آتش ہو گئے۔
ہم اس بدترین اور منافرت انگیز حرکت کو ہندوستان کی قومی یکجہتی اور گنگا جمنی تہذیب پر حملہ قرار دیتے ہیں۔ اس افسوسناک اور شرمناک واقعے کی پرزور مذمت کرتے ہوئے حکومت اور متعلقہ حکام سے مطالبہ کرتے ہیں کہ خاطیوں کے خلاف فوری اور سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے، تاکہ مذہبی منافرت پھیلانے والے عناصر کی حوصلہ شکنی ہو سکے۔
واضح رہے کہ ہندوستان میں شیعہ مسلمان، اقلیت در اقلیت ہونے کے باوجود، عزاداریِ امام حسینؑ کے حوالے سے دنیا بھر میں ایک منفرد اور روشن مثال رکھتے ہیں۔ یہاں نہ صرف شیعہ بلکہ دیگر مسلم فرقوں کے ساتھ اہلِ ہنود بھی بڑھ چڑھ کر عزاداری میں حصہ لیتے ہیں اور مجالس و جلوس برپا کرتے ہیں، جو ہمارے باہمی احترام اور ہم آہنگی کی خوبصورت روایت کی عکاسی کرتا ہے۔
منجانب: مولانا سید شجیع مختار
صدر مرکزی شیعہ علماء کونسل
حیدرآباد، تلنگانہ

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *