[]
حیدرآباد: نیشنل ڈیم سیفٹی اتھاریٹی نے حکومت تلنگانہ کالیشورم لفٹ اریگشن پروجیکٹ کی تمام تر تفصیلات داخل کرنے کی ایک دن (اتوار 29 /اکتوبر) کی مہلت دی ہے۔
نیشنل ڈیم سیفٹی اتھاریٹی نے ہفتہ کے روز ریاستی حکومت کو مکتوب تحریر کرتے ہوئے اسے کالیشورم لفٹ اریگشن پروجیکٹ کی تمام تر تفصیلات فوری اثر کے ساتھ داخل کرنے کی ہدایت دی۔
اتھاریٹی نے تفصیلات کے ادخال کیلئے حکومت کو کل اتوار تک مہلت دی ہے۔ بصورت دیگر یہ سمجھا جائے گا کہ حکومت کے پاس پروجیکٹ کی تفصیلات نہیں ہیں۔
ڈیم سیفٹی اتھاریٹی نے کہا کہ حکومت تلنگانہ، کالیشورم پروجیکٹ کی تفصیلات پیش کرنے سے انکار کررہی ہے اور وہ دانستہ طور پر حقائق کو چھپانے کی کوشش کررہی ہے۔ اتھاریٹی نے میدی گڈا لکشمی بیارج کی تعمیر سے متعلق20قسم کی تفصیلات طلب کی ہیں مگر حکومت نے اس سے مربوط صرف4قسم کی تفصیلات داخل کی ہیں۔
مابقی16 موضوعات پر مبنی تفصیلات زیر التواء ہیں۔ اگر حکومت دی گئی مہلت میں پروجیکٹ کے معیار، جیولوجیکل مطالعہ اور کنٹراکٹر کی ذمہ داری سے متعلق تفصیلات داخل نہیں کرتی ہے تو اسے یہ سمجھا جائے گا کہ حکومت کے پاس اس پروجیکٹ کے بارے میں کوئی تفصیلی ریکارڈ نہیں ہے اور قانون کے مطابق حکومت کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔
واضح رہے کہ میدی گڈا لکشمی بیاریج کے چند پلرس دھنس جانے کے واقعہ پر اپوزیشن کانگریس اور بی جے پی نے حکمراں جماعت بی آر ایس اور چیف منسٹر کے سی آر کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا اور الزام عائد کیا کہ کروڑہا روپے خرچ کرنے کے باوجود پراجیکٹ کی تعمیر غیر معیاری رہی۔