[]
اقوام متحدہ: ہندوستان کے مختلف حصوں کو 2025 تک زمینی پانی کی شدید قلت کا سامنا ہوگا۔یہ انتباہ اقوام متحدہ کی جانب سے جاری ایک رپورٹ میں دیا گیا۔
اقوام متحدہ یونیورسٹی کے انسٹیٹیوٹ فار انوائرمنٹ اینڈ ہیومین سکیورٹی کی جانب سے جاری رپورٹ میں بتایا گیا کہ ہندوستان میں انڈو ۔ گنگا بیسن کے کچھ حصوں میں زیر زمین پانی کی سطح پہلے ہی خطرناک حد تک کم ہو چکی تھی اور اب ہندوستان کے تمام شمال مغربی خطے کا زیر سطح پانی بھی ختم ہونے کے قریب ہے۔
رپورٹ میں2025 تک ہندوستان کے شمال مغربی خطے میں زیر زمین پانی کی سطح انتہائی کم ہونے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ عالمی ادارے کی رپورٹ میں مزید بتایا گیا کہ دنیا کی ماحولیاتی صحت کے 6 پیمانے تباہی کے دہانے پر پہنچ چکے ہیں۔
زیر زمین پانی میں کمی، گلیشیئرز کا پگھلنا، خلائی ملبہ، مختلف جانداروں کی معدومیت میں تیزی، ناقابل برداشت گرمی اور ناقابل ضمانت مستقبل وہ پیمانے ہیں۔رپورٹ میں مزید خبردار کیا گیا کہ دنیا کے بڑے آبی ذخائر میں سے نصف قدرتی طور پر بھرنےکی بجائے زیادہ تیزی سے ختم ہورہے ہیں۔
یو این رپورٹ کے مطابق سعودی عرب میں پہلے ہی زیر زمین پانی کی دستیابی انتہائی حد تک گھٹ چکی ہے اور ہندوستان بھی اس فہرست میں شامل ہونے والا ہے، کیونکہ ہندوستان میں 70 فیصد زمینی پانی کا استعمال زراعت کے شعبے میں ہوتا ہے۔ پانی کی دستیابی محدود ہونے سے خوراک کی پیداوار کا مسئلہ بھی پیدا ہوسکتا ہے۔