برہن ممبئی میونسپل کارپوریشن کے 227 وارڈوں میں تقریباً 1700 امیدوار میدان میں ہیں، جبکہ ممبئی میں ایک کروڑ تین لاکھ سے زائد ووٹر اپنے حق رائے دہی کے اہل ہیں۔ ووٹنگ کے پرامن انعقاد کے لیے ممبئی پولیس نے سخت حفاظتی انتظامات کیے ہیں، مختلف علاقوں میں ناکہ بندی، گاڑیوں کی جانچ اور حساس مقامات پر اضافی نفری تعینات کی گئی ہے تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔
الیکشن کمیشن کی جانب سے ووٹرز کی سہولت کے لیے متعدد اقدامات کیے گئے ہیں۔ خواتین کے زیر انتظام پنک پولنگ بوتھس قائم کیے گئے ہیں، جبکہ بزرگ شہریوں اور خصوصی ضرورتوں والے افراد کی مدد کے لیے رضاکار ٹیمیں تعینات کی گئی ہیں۔ ووٹنگ کے دن سرکاری و نجی اداروں کو ہدایت دی گئی ہے کہ ملازمین کو ووٹ ڈالنے کے لیے مناسب وقت فراہم کریں۔
